
کشتواڑمیں انکاؤنٹر میں دو پاکستانی دہشت گرد ہلاک
جموں،22 فروری(ہ س)۔
ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے پاسرکوٹ میں اتوار کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں جیش محمد سے وابستہ دو دہشت گرد مارے گئے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جن میں دو اے کے 47 رائفلیں شامل ہیں۔ فوج کے مطابق آپریشن تراشی-اوّل‘کے تحت چھاترو بیلٹ کے پاسرکوٹ علاقے میں مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ آپریشن جموں و کشمیر پولیس، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور فوجی انٹیلی جنس کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا تاکہ علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر کیا جا سکے۔ فوج کی وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ابتدائی رابطہ قائم ہونے کے بعد کاؤنٹر انٹیلی جنس فورس (سی آئی ایف) ڈیلٹا کے جوانوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ قریبی تال میل رکھتے ہوئے آج تقریباً صبح 11 بجے دشوار گزار علاقے میں دہشت گردوں کو دوبارہ گھیر لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مؤثر حکمت عملی اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے مقابلہ کے مقام پر دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں مارے گئے دہشت گرد پاکستانی شہری تھے اور کالعدم جیشِ محمد کے رکن تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دہشت گرد پہاڑی کے دامن میں واقع ایک کچے مکان میں چھپے ہوئے تھے اور تلاشی پارٹی کو قریب آتا دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن بدستور جاری ہے اور امن میں خلل ڈالنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چھاترو کے جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان نصف درجن کے قریب جھڑپیں ہوئیں، جن میں ایک فوجی اور ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔ اتوار کی کارروائی کے ساتھ ہی رواں برس جموں خطے میں مختلف مقابلوں میں ہلاک ہونے والے جیشِ محمد کے دہشت گردوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع میں بھی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر