
ممبئی ، 22 فروری (ہ س) ۔ چنئی کے گولڈن بیچ پر سیر کے لیے گئے مہاراشٹر کے طلبہ کے ساتھ پیش آئے حادثہ میں ایک طالبہ کی موت ہو گئی جبکہ ایک نوجوان تاحال لاپتہ ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے تمل ناڈو حکومت سے فوری رابطہ قائم کیا اور راحت و بچاؤ کارروائی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔تمل ناڈو حکومت کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 26 طلبہ ساحل پر گئے تھے لیکن صرف تین ہی سمندر میں اترے۔ ان میں بھندارہ ضلع کی مایوری چودھری ڈوب کر ہلاک ہو گئیں، جئے پاٹل لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جنگی پیمانے پر جاری ہے جبکہ راج کیداری محفوظ باہر آ گئے۔جئے پاٹل کے اہل خانہ چنئی پہنچ چکے ہیں اور مایوری چودھری کے گھر والے ناگپور سے روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متوفیہ کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔انہوں نے تمل ناڈو حکومت سے اپیل کی ہے کہ تلاش اور بچاؤ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرہ طلبہ و ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ مہاراشٹر کا ریاستی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تمام ضروری تعاون مہیا کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے