
ممبئی ، 22 فروری (ہ س)۔ شیو سینا (ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت نے الزام لگایا ہے کہ مہاراشٹر حکومت بجٹ اجلاس قائدِ حزبِ اختلاف کے بغیر چلانا چاہتی ہے جو جمہوری روایات اور پارلیمانی اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ اجلاس پیر، 23 فروری 2026 سے شروع ہو رہا ہے لیکن اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔راوت نے بتایا کہ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے ان کی جانب سے رکن اسمبلی بھاسکر جادھو کا نام پیش کیا گیا تھا، تاہم اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پہلے یہ کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا اختیار اسپیکر کے پاس ہے اور وہ مناسب وقت پر فیصلہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون ساز کونسل میں بھی قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ خالی ہے جہاں کانگریس کے رکن کا نام دیا گیا ہے لیکن کونسل کے چیئرمین نے بھی اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔اس سے قبل اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا تھا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے ایوان کی کل تعداد کے 10 فی صد ارکان ہونا ضروری ہے اور فی الحال کسی بھی اپوزیشن جماعت کے پاس یہ تعداد نہیں ہے، اس لیے اس معاملے میں اتفاقِ رائے ضروری ہوگا۔ انہوں نے جلد فیصلہ کرنے کی بات کہی تھی تاہم اب تک کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے