
حیدرآباد، 22 فروری (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیرریونیو پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سیاست صرف انتخابات تک ہونی چاہیے ،جیت کے بعد تمام پارٹیوں کوعوامی حکومت کے حصہ کے طورپرغریبوں کی خدمت کرنی چاہیے۔انہوں نے زوردے کر کہا کہ عہدہ کوئی اقتدارنہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ اتوارکو کھمم ضلع کے موضع پیدا تانڈا کے میونسپل دفترمیں ایڈولاپورم کی نو منتخب میونسپل چیئرپرسن پی انیتا کی حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے وزیرریونیونے نئے منتخب نمائندوں کو اہم ہدایات دیں۔انہوں نے کونسلرس کو مشورہ دیاکہ وہ صرف کرسیوں تک محدود نہ رہیں بلکہ ہفتہ میں کم از کم پانچ دن، روزانہ دو گھنٹے اپنے وارڈس کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہرکام کے لئے صرف فنڈس کی ضرورت نہیں ہوتی،اگرنمائندے خود فیلڈ میں متحرک رہیں تو عہدیداراورعملہ کی کارکردگی خود بخود بہترہوجاتی ہے۔ وزیرریونیونے ایدولاپورم بلدیہ کو ریاست کے لئے ایک ماڈل بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پینے کے پانی، نکاسی آب اور نالوں پر قبضوں کے خلاف جنگی بنیادوں پرکارروائی کی ہدایت دی۔
بعد ازاں انہوں نے ستیہ نارائن پورم میں ایک مستحق خاندان کی اندرما مکان کی تقریب میں شرکت کی اوراس خاندان کو تحائف پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ہرمستحق غریب کو گھرفراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ٹی نوین اور دیگر حکام موجود تھے۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق