پولیس افسر پر مبینہ حملے کے الزام میں ایک شخص گرفتار
جموں, 22 فروری (ہ س)۔ جموں کے تریکوٹہ نگر علاقے میں ڈیوٹی انجام دے رہے ایک پولیس افسر پر مبینہ حملے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد فوری
Arrested


جموں, 22 فروری (ہ س)۔ جموں کے تریکوٹہ نگر علاقے میں ڈیوٹی انجام دے رہے ایک پولیس افسر پر مبینہ حملے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس ترجمان کے مطابق 20 فروری کو سب انسپکٹر راجیش کمار، ضلع پولیس لائنز جموں میں تعینات ہیں،اُنہوں نے تحریری شکایت درج کرائی کہ وہ ڈیوٹی پرتریکوٹہ نگر پارک میں طبی غرض سے موجود تھے کہ ایک نوجوان وہاں آیا اور ان کے ساتھ بدزبانی اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے لگا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے دھمکیاں بھی دیں اور یہ جانتے ہوئے کہ وہ یونیفارم میں ملبوس ایک حاضر سروس پولیس افسر ہیں اور قانونی فرائض انجام دے رہے ہیں، ان پر جسمانی حملہ کیا۔معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے باہو فورٹ پولیس اسٹیشن میں بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور تفتیش شروع کی گئی۔ تحقیقات کے دوران تکنیکی اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزم کی شناخت سمت ورما سکنی مانپور گاؤں، ضلع کٹھوعہ ،حال تریکوٹہ نگر کے طور پر ہوئی، جسے بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ سرکاری فرائض انجام دینے والے پولیس افسران ،اہلکاروں کو ڈرانے، دھمکانے یا ان پر حملہ کرنے کی کسی بھی کوشش سے سختی اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملداری کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عوامی نظم و ضبط کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande