


وزیر اعلیٰ نے راشٹر رشی نانا جی دیشمکھ کے مجسمے کی نقاب کشائی اور سیاحتی مقام کا افتتاح کیا
بھوپال، 22 فروری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ریاست میں چاروں طرف تیز رفتاری سے ترقی ہو رہی ہے۔ دیہی اور شہری علاقوں کی متوازن ترقی سے ہی ہم مدھیہ پردیش کو خود کفیل بنانے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے ترقی کو تعمیر وطن (راشٹر نرمان) کی بنیاد بنایا ہے، ہم اسی عزم کے ساتھ ریاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو اندور ضلع کے مہو اسمبلی حلقہ کے تحت مہو گاوں میں 85 کروڑ روپے کی لاگت کے مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور سنگ بنیاد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہو رہے ترقیاتی کام آنے والے وقت میں تعلیم، سیاحت اور بنیادی سہولیات کا نیا مرکز بنیں گے۔ ریاستی حکومت کا ہدف ہے کہ ترقی کا فائدہ آخری شخص تک پہنچے۔ مدھیہ پردیش حکومت ترقی کے تئیں پرعزم ہے اور آنے والے وقت میں علاقے میں مزید تیزی سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
انہوں نے قبائلی ہیرو ٹنٹیا ماما کے اعزاز میں کیے جا رہے کاموں کا بھی ذکر کیا اور بھگوریا تہوار کو قومی تہوار کے طور پر منانے کے فیصلے کی معلومات دی۔ انہوں نے مہو گاوں کو سوغات دیتے ہوئے یہاں 100 بستروں کا نیا اسپتال بنانے اور مہو گاوں نگر پریشد (سٹی کونسل) کو نگر پالیکا (میونسپلٹی) کا درجہ دیے جانے کا اعلان کیا۔
پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے راشٹر رشی نانا جی دیشمکھ کے مجسمے کی نقاب کشائی کرتے ہوئے 4.50 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ نانا جی دیشمکھ سیاحتی مقام کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے 38 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ساندیپنی گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول مہو اور ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ چندر شیکھر آزاد سروور (کاکڑ پورہ تالاب) پارک اور گھاٹ کا افتتاح کر کے پورے علاقے کا معائنہ بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ نے راشٹر رشی نانا جی دیشمکھ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض ایک سیاست داں نہیں، بلکہ سماجی تبدیلی کے عظیم رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی گاوں کی ترقی، تعلیم اور خود انحصاری کے لیے وقف کر دی۔ نانا جی دیشمکھ کا ماننا تھا کہ ہندوستان کی روح گاوں میں بستی ہے، اور جب گاوں مضبوط ہوں گے تبھی قوم مضبوط بنے گی۔ ان کے ذریعے قائم کیے گئے ترقیاتی ماڈل آج بھی پورے ملک کے لیے باعث ترغیب ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مختلف تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان میں 14.44 کروڑ روپے کی لاگت سے امرت 2.0 اسکیم کے تحت پینے کے پانی کی نئی لائن، 7.52 کروڑ روپے کی لاگت سے سوچھ بھارت مشن 2.0 کے تحت استعمال شدہ پانی کے انتظام کی اسکیم، 10.40 کروڑ روپے کی لاگت سے مہو-نیمچ روڈ کی تعمیر، 2 کروڑ روپے کی لاگت سے مہو گاوں مکتی دھام پر گھاٹ کی تعمیر، 1.03 کروڑ روپے کی لاگت سے کمیونٹی ہال کی تعمیر، 2.50 کروڑ روپے کی لاگت سے گائیکواڑ چوراہے سے مہو گاوں اسکول تک سڑک کی تعمیر اور 1.51 کروڑ روپے کی لاگت سے گوشالا روڈ کی تعمیر کا کام شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام میں کنیا پوجن کیا۔ انہوں نے مختلف اسکیموں کے تحت مستفیدین کو فوائد بھی تقسیم کیے۔
پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت برائے خواتین و اطفال ترقی ساوتری ٹھاکر ، علاقائی ایم ایل اے اوشا ٹھاکر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر آبی وسائل تلسی رام سلاوٹ، رکن پارلیمان کویتا پاٹیدار، ضلع پنچایت صدر رینا ستیش مالویہ، مدھو ورما، گورو رن دیوے اور شرون چاوڑا، کنچن سنگھ چوہان، کلکٹر شوم ورما، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیہی یانگچین بھوٹیا، ضلع پنچایت سی ای او سدھارتھ جین سمیت دیگر انتظامی افسران، عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں مقامی شہری موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن