
پلامو، 22 فروری (ہ س)۔ پلامو کے پڑوا تھانہ علاقہ میں بیٹری چوری کے شک میں ایک نوجوان کی گاوں والوں نے جم کر پٹائی کر دی۔ اس سے شدید طور پر زخمی نوجوان کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی۔
موصولہ معلومات کے مطابق ہفتہ کی دیر رات پڑوا تھانہ علاقہ کے تیلیاہی گاوں میں ایک ٹریکٹر سے بیٹری چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اسی دوران گاوں والوں نے ایک نوجوان کو چوری کرتے دیکھ لیا۔ گاوں والوں نے اسے پکڑ کر رسی سے باندھ دیا اور جم کر مار پیٹ کی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پڑوا تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور نوجوان کو گاوں والوں کے چنگل سے چھڑایا۔ تشویشناک حالت میں اسے علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مہلوک کی شناخت پڑوا تھانہ علاقہ کے مرما کوکرسا گاوں کے رہائشی منوج رام کے بیٹے پون رام کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ مار پیٹ میں شامل لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
پڑوا کے تھانہ انچارج انچت کمار نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کی دیر رات انہیں اطلاع ملی کہ تیلیاہی گاوں کے دیہاتی ایک نوجوان پون کمار پر چوری کا الزام لگا کر مار پیٹ کر رہے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ وہاں دیکھا کہ پون کمار شدید طور پر زخمی پڑا ہوا ہے۔ علاج کے لیے میدنی رائے میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا۔ جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
تھانہ انچارج نے بتایا کہ گاوں والوں کا الزام ہے کہ پون کسی کے گھر میں چوری کے واقعے کو انجام دے رہا تھا۔ اسی وجہ سے گاوں والوں نے اس کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ لیکن معاملہ کیا ہے، پولیس اس کی باریکی سے جانچ کر رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی میں مصروف ہوگئی ہے۔ معلومات کے مطابق اس معاملے میں پولیس دو لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن