
جموں, 22 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ کے اسپیشل کرائم وِنگ (ایس سی ڈبلیو) نے ہفتہ کے روز زمین فروخت کرنے کے بہانے ایک شہری کو دھوکہ دینے والے شخص کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی۔حکام کے مطابق ملزم راجندر سنگھ منہاس سکنہ پرکھو-دومانہ کے خلاف سال 2024 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شکایت کے مطابق ملزم نے یکم اپریل 2022 کو پرکھو گڑھی، جموں میں پانچ مرلہ زمین فروخت کرنے کا معاہدہ کیا اور مجموعی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار روپے میں سے دو لاکھ روپے بطور پیشگی رقم وصول کی۔
تاہم ملزم نے مبینہ طور پر فروخت نامہ (سیل ڈیڈ) عمل میں نہیں لایا اور بعد ازاں تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ زمین پر اس کی کوئی ملکیت یا قانونی حق نہیں تھا۔
حکام نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران متعلقہ دستاویزات ضبط کی گئیں، بینک ریکارڈ کے ذریعے مالی لین دین کی تصدیق کی گئی اور ریونیو حکام سے زمین کی ملکیت کی جانچ کرائی گئی، جس سے ثابت ہوا کہ زمین ملزم کے نام درج نہیں تھی۔ فارنسک جانچ میں بھی معاہدے پر ملزم کے دستخط کی تصدیق ہوئی۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی، اسپیشل کرائم وِنگ جموں سنجے پریہار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زمین خریدتے وقت ملکیت کی تصدیق، قانونی حیثیت اور فروخت کرنے والے شخص کے کردار کی مکمل جانچ پڑتال کیے بغیر اپنی محنت کی کمائی بطور پیشگی ادا نہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر