
پٹنہ، 22 فروری(ہ س)۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج 1انے مارگ واقع سنکلپ ہال میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ-2026 کی فاتح ہندوستانی ٹیم میں اپنی شاندار کارکردگی سے بہار کا سر فخر سے بلند کرنے والے ویبھو سوریہ ونشی کو 50 لاکھ روپے کا چیک اور ایک شال پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔وزیر اعلیٰ نے ویبھو سوریہ ونشی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہار کے کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی نے انڈر 19 ورلڈ کپ-2026 میں ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنی محنت اور قابلیت کے بل پر وہ ہندوستانی کرکٹ کے لیے نئی امید بن گئے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ویبھو سوریہ ونشی مستقبل میں ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک نیا ریکارڈ بنائیں اور ملک کا نام روشن کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ اس طرح اچھی کرکٹ کھیلتے رہیں اور ریاست اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔ ریاست میں جدید اور عالمی معیار کے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے۔ حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ آگے بڑھتے رہیں، حکومت آپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے کہ بہار کے بیٹے نے اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر بین الاقوامی سطح پر مقام حاصل کیا ہے۔ آپ بہار کے بچوں کے لیے ایک تحریک ہیں، ہم آپ کے روشن مستقبل کی خواہش کرتے ہیں۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی سمراٹ چودھری، آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر کھیل شریسی سنگھ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی گوپال سنگھ، محکمہ کھیل کے سکریٹری مہندرکمار، بہار ریاستی کھیل اتھاریٹی کے ڈائریکٹر جنرل رویندرشنکرن سمیت دیگر سینئر افسران، بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے راکیش تیواری، کرکٹ کھلاڑی ویبھو سوریہ ونشی کے والد سنجیو سوریہ ونشی، بھائی اجول اور آشیرواد سوریاونشی اور ابھیجیت ڈیسوزا موجود تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan