
جموں, 21 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تلاشی کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی لائن آف کنٹرول کے قریب سندربنی سیکٹر کے ناتھوا ٹبہ علاقے میں انجام دی گئی۔
ذرائع کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مشتبہ نقل و حرکت محسوس ہونے پر فوجی جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔تلاشی کے دوران ایک اے کے 47 رائفل، دو میگزین معہ گولہ بارود، تین بیگ، کمبل، راشن اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے خون آلود نشانات بھی ملے ہیں، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ فرار ہونے والے درانداز زخمی ہوئے ہوں گے۔یہ آپریشن کراسڈ سورڈ ڈویژن نے وائٹ نائٹ کارپس کی نگرانی میں انجام دیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں تلاشی کارروائی جاری ہے اور مزید کسی بھی دراندازی کو روکنے کے لیے چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر