
روہت پوار کی جان کو خطرہ، زیڈ پلس سیکورٹی کی پرزور اپیل
شولاپور ، 21 فروری(ہ س)۔ راشٹروادی
کانگریس شردچندر پوار پارٹی سے وابستہ نوجوان ایم ایل اے روہت پوار کو فوری زیڈ
پلس سکیورٹی دیے جانے کی مانگ نے زور پکڑ لیا ہے۔ راشٹروادی یوتھ کانگریس (شردچندر
پوار دھڑا) اور یوا سینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) نے مشترکہ طور پر ریاستی حکومت سے
اپیل کی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
ایک بیان
میں کہا گیا ہے کہ اجیت دادا پوار کی مبینہ طیارہ سانحہ کے حوالے سے ریاست بھر میں
مختلف سوالات گردش کر رہے ہیں اور روہت پوار ان خدشات کو مسلسل پریس کانفرنسوں کے
ذریعے اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک منصوبہ بند سازش قرار دینے کا
شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی باریک بینی سے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ کارکنوں کا مؤقف
ہے کہ اگر اس معاملے میں طاقتور عناصر شامل ہوئے تو وہ رکن اسمبلی کی سکیورٹی کے لیے
خطرہ بن سکتے ہیں۔
اسی
تناظر میں شولاپور میں ضلع کلکٹر کو یادداشت پیش کی گئی اور ان سے ملاقات
کی گئی۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ سکیورٹی سے متعلق فیصلہ ریاستی حکومت کے دائرہ اختیار
میں آتا ہے اور یہ مطالبہ فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا دیا جائے گا، کیونکہ
معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے۔ یادداشت
میں بین الاقوامی ایجنسی سے مکمل تحقیقات کرانے، ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی
کارروائی کرنے، نئی دہلی میں قائم نجی چارٹر کمپنی وی ایس آر وینچرز پر فوراً
پابندی لگانے اور وزیر اعلیٰ و وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس سے روہت پوار کو زیڈ پلس
سکیورٹی فراہم کرنے کی مانگ شامل ہے۔
بیان میں
اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جمہوری نظام میں منتخب نمائندوں کو کھل کر اپنی بات
رکھنے کا حق ہے، اور اگر ان کے بیانات کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو تو یہ
جمہوریت کے لیے تشویش ناک علامت ہے۔ مذکورہ
پروگرام میں ریاستی نائب صدر پرشانت بابر، یوا سینا کے نائب سکریٹری رنجیت باگل،
ڈاکٹر یوگیش رن دیوے، پرشانت گائیکواڑ، موسا عطار، اجیت پاترے، امیت موتے وار،
ملند گورے، موہت نکم، امرسنگھ کھانڈیکر، یونس عطار سمیت متعدد کارکن شریک تھے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے