
بھوپال، 21 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ ریاست میں اگلے چار دنوں تک آندھی اور بارش کا دور جاری رہنے کا امکان ہے۔ جمعہ کو سائیکلونک سرکولیشن اور ٹرف لائن کی سرگرمی کے باعث 20 سے زیادہ اضلاع میں بارش درج کی گئی۔
ریاست میں ہفتہ کو کئی علاقوں میں بادل چھائے رہے، جبکہ 23 اور 24 فروری کو نئے موسمی نظام کی وجہ سے خاص طور پر جنوب مشرقی اضلاع میں موسم کا اثر زیادہ نظر آ سکتا ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے ریاست کے الگ الگ حصوں میں آندھی اور بارش ہو رہی ہے۔ کچھ اضلاع میں ژالہ باری بھی درج کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوپال، رتلام، مندسور، شاجاپور، دھار، اندور، رائسین، اجین، ساگر اور چھترپور سمیت 20 سے زیادہ اضلاع میں بارش ہوئی۔
ادھر، تیز آندھی کا اثر فصلوں پر بھی پڑا ہے۔ رتلام، شاجاپور اور اجین میں گیہوں کی فصلیں گر گئی ہیں، جس سے دانوں کا معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں تقریباً 25 اضلاع میں آندھی سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو چھترپور، پنا، ستنا، ریوا اور مئوگنج میں بارش ہو سکتی ہے۔ آس پاس کے اضلاع میں بھی موسم بدلا رہ سکتا ہے۔
وہیں، جبل پور میں جمعہ کی دیر رات ہلکے بادل چھائے رہے اور فضا میں نمی محسوس کی گئی۔ ہفتہ کی صبح تقریباً 6 بجے شہر کے کئی حصوں میں بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم سہانا ہو گیا اور ٹھنڈ کا اثر بڑھ گیا۔ بارش کے چلتے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن