
ممبئی، 21 فروری (ہ س)۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے ضلع تھانے کے بھِیونڈی میں واقع سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ یہ پیشی سال 2014 کے عام انتخابات کے دوران راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بارے میں دیے گئے بیان سے متعلق دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کے سلسلے میں ہوئی۔انتخابی مہم کے دوران بھِیونڈی تعلقہ کے سونالے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کے پیچھے سنگھ کا ہاتھ تھا۔ اس بیان پر سنگھ سے وابستہ مقامی رہنما راجیش کُنٹے نے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔اس کیس میں راہل گاندھی کی جانب سے سابق مرکزی وزیر آنجہانی شیو راج پاٹل چاکورکر ضمانت دار تھے، تاہم گزشتہ سال دسمبر 2025 میں ان کے انتقال کے بعد عدالت نے نیا ضمانت دار پیش کرنے اور تازہ بانڈ جمع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالتی حکم کے مطابق راہل گاندھی نے مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کو اپنا نیا ضمانت دار مقرر کرتے ہوئے تمام قانونی کارروائی مکمل کی جس کے بعد وہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔اس موقع پر راجیش کُنٹے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راہل گاندھی سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، اسی لیے انہیں مقدمہ دائر کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی ان کا مطالبہ ہے کہ راہل گاندھی اپنے بیان پر معافی مانگیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے