
جموں, 21 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک بڑے انتظامی ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے 20 آئی اے ایس افسران سمیت مجموعی طور پر 22 سینئر افسران کے تبادلے کر دیے۔ اس فیصلے کو انتظامی نظام کو مزید مؤثر اور جوابدہ بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق متعدد اضلاع میں نئے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سی) تعینات کیے گئے ہیں۔ آئی اے ایس افسر کمار ابھیشیک کو ضلع ریاسی، منگا شیرپا کو ادھمپور جبکہ جے کے اے ایس افسر کرشن لال کو ضلع ڈوڈہ کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح آئی اے ایس افسر اطہر عامر شفیع خان کا تبادلہ کر کے انہیں کولگام سے بڈگام کا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کو اننت ناگ اور سید فخرالدین حامد کو بارہمولہ کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شہزاد عالم کو ضلع کولگام کا ڈپٹی کمشنر بنایا گیا ہے۔
انتظامی سطح پر بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آئی اے ایس اشونی کمار کو محکمہ بجلی ترقیات کا مالیاتی کمشنر (ایڈیشنل چیف سکریٹری) مقرر کرتے ہوئے محکمہ کانکنی کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔ آئی اے ایس آشیش چندر ورما کو محکمہ زراعت پیداوار کا اضافی چارج دیا گیا ہے، جبکہ آئی اے ایس شیلندر کمار کو محکمہ خزانہ کا مالیاتی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ عمومی انتظامیہ کے کمشنر سکریٹری ایم راجو کو محکمہ صحت و طبی تعلیم کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ آر ایلس واز کو محکمہ منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی کی کمشنر سکریٹری مقرر کیا گیا ہے اور انہیں محکمہ اطلاعات کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔
آئی اے ایس یشا مدگل کو محکمہ امور نوجوانان و کھیل سے تبدیل کر کے محکمہ کوآپریٹو کا کمشنر سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی سے تبدیل کر کے محکمہ امور نوجوانان و کھیل میں تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر پیوش سنگلا کو محکمہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے ساتھ محکمہ عوامی شکایات کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
جے کے اے ایس افسر ببیلا رکھوال کو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کا کمشنر سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ آئی اے ایس انجلی سہراوت کو جل جیون مشن کا مشن ڈائریکٹر بنایا گیا ہے، جبکہ آئی اے ایس ندھی ملک کو ریاسی کے ڈپٹی کمشنر کے عہدے سے تبدیل کر کے انسپکٹر جنرل رجسٹریشن مقرر کیا گیا ہے۔
اویس احمد کو محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کا ڈائریکٹر، ڈاکٹر ساگر ڈی دتاتریہ کو محکمہ امور صارفین کشمیر کا ڈائریکٹر، آکرتی ساگر کو نیشنل ہیلتھ مشن کی منیجنگ ڈائریکٹر اور ہرویندر سنگھ کو ڈائریکٹر روزگار مقرر کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے دیگر ریاستوں میں تبادلہ کیے گئے تین آئی اے ایس افسران بصیر الحق چودھری، سنتوش ڈاکٹر ویدیہ اور سعید عابد شاہ کو بھی ریلیو کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ وسیع پیمانے پر کیا گیا انتظامی ردوبدل جموں و کشمیر میں حکمرانی کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر