
جموں, 21 فروری (ہ س)۔
جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ضلع صدر ڈوڈہ، شہاب الحق بٹ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کی انتظامی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے حالیہ دوروں کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ادارے میں بنیادی ڈھانچہ، ضروری طبی آلات اور مناسب طبی عملہ موجود ہونے کے باوجود مؤثر نگرانی اور مضبوط انتظامی کنٹرول کی کمی واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ وسائل کی قلت نہیں بلکہ جوابدہی اور نظم و ضبط کی عدم موجودگی ہے، جس کے باعث مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہو رہی ہے۔
شہاب الحق نے ایمرجنسی کے مرکزی دروازے کے باہر صفائی کی ابتر صورتحال پر گہری ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غیر صحت بخش ماحول انتظامی غفلت کی عکاسی کرتا ہے، جو ضلع کے عوام کی خدمت کرنے والے ایک اہم طبی ادارے کے شایانِ شان نہیں ۔انہوں نے متعلقہ حکام اور کالج کے پرنسپل سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر انتظامی نظم و ضبط بحال کیا جائے، صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے کالج میں ایم آر آئی سہولت کی فوری تنصیب کا بھی پُرزور مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع کی بڑی آبادی معاشی طور پر کمزور طبقات پر مشتمل ہے اور مریضوں کو ایم آر آئی اسکین کے لیے ضلع سے باہر بھیجنا ان پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ یہ سہولت وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو برسرِ اقتدار آئے ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم تاحال کسی وزیر نے اس اہم ادارے کا دورہ نہیں کیا، حالانکہ یہ ادارہ مسلسل عوامی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ ان کے مطابق اس طرزِ عمل سے ضلع کی زمینی حقیقتوں سے دوری کا تاثر ملتا ہے۔شہاب الحق نے واضح کیا کہ ان کے بیانات خالصتاً عوامی مفاد میں ہیں اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری اصلاحی اقدامات اٹھا کر ادارے کو وقار، کارکردگی اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار کے مطابق فعال بنایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر