دہلی میں تین جگہ آگ، مدن پور کھادر میں سلنڈر بلاسٹ ہونے سے ایک کنبے کے 3 افراد جھلسے
نئی دہلی، 21 فروری (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی میں جمعہ کی دیر رات اور ہفتہ کی علی الصبح آگ لگنے کے تین علیحدہ علیحدہ واقعات سے افراتفری مچ گئی۔ پہلا واقعہ جنوب مشرقی دہلی کے مدن پور کھادر علاقے کا ہے، جہاں ہفتہ کی صبح تقریباً 4.46 بجے ایک مکان کے گراو
آگ کی علامتی تصویر


نئی دہلی، 21 فروری (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی میں جمعہ کی دیر رات اور ہفتہ کی علی الصبح آگ لگنے کے تین علیحدہ علیحدہ واقعات سے افراتفری مچ گئی۔ پہلا واقعہ جنوب مشرقی دہلی کے مدن پور کھادر علاقے کا ہے، جہاں ہفتہ کی صبح تقریباً 4.46 بجے ایک مکان کے گراونڈ فلور پر سلنڈر بلاسٹ کے بعد خوفناک آگ لگ گئی۔ حادثے میں ایک ہی کنبے کے تین افراد شدید طور پر جھلس گئے۔

زخمیوں کی شناخت جگدیش (60)، ان کی اہلیہ لکشمی (52) اور بیٹے جتن (22) کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سبھی کی حالت تشویشناک ہے۔

محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق صبح 4.46 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ تیز دھماکے کی آواز کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے تقریباً ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی جانچ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، حالانکہ پولیس معاملے کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔

دوسرا واقعہ وسطی دہلی کے دیا بستی علاقے کے پاس جمعہ کی رات تقریباً 11 بجے سامنے آیا۔ یہاں ایک فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ نے ایک ایک کر کے 15 گاڑیوں کو موقع پر بھیجا۔ جانچ میں پتہ چلا کہ فیکٹری میں کرسیاں بنانے کا کام ہوتا تھا۔ آگ تیزی سے پھیل گئی، جس سے آس پاس کے علاقوں میں دھواں بھر گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ اس حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ خبر لکھے جانے تک کولنگ کا کام جاری تھا اور آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

تیسرا واقعہ مغربی دہلی کے جوالا پوری واقع چندر وہار علاقے میں ہوا۔ یہاں کار کے اسپیکر بنانے والی ایک فیکٹری میں ہفتہ کی علی الصبح 3.44 بجے آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

اس واقعے میں بھی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ فی الحال پولیس تینوں معاملوں میں آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔ مسلسل سامنے آ رہے آگ کے واقعات نے دارالحکومت میں سیکورٹی انتظامات اور فائر بریگیڈ کے نظام پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande