
ٹیکنالوجی پر مبنی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی جی پی
جموں، 21 فروری (ہ س)۔ جموں زون پولیس کے انسپکٹر جنرل بھیم سین توتی نے سائبر جرائم میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر سائبر تفتیش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کی ہدایت دی۔ وہ جموں میں منعقدہ سائبر انویسٹی گیشن اور موبائل فارنسک سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ پروگرام ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جموں کے کانفرنس ہال میں شروع ہوا جس میں جموں زون کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے افسران نے شرکت کی۔
آئی جی پی نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے تفتیشی افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ تکنیکی طور پر اپ ڈیٹ رہیں اور متعلقہ قوانین سے مکمل واقفیت رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل شواہد کو درست طریقے سے محفوظ کرنا، قانونی تقاضوں کی پاسداری اور شواہد کی مکمل چین آف کسٹڈی برقرار رکھنا سائبر جرائم کے مقدمات میں کامیاب قانونی کارروائی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے ڈیجیٹل ضبطی کے طریقۂ کار اور ضبطی میمو کی تیاری میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ الیکٹرانک شواہد عدالت میں قابلِ قبول رہیں۔ اس موقع پر بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم 2023 کی متعلقہ دفعات، خصوصاً الیکٹرانک ریکارڈ کی ثبوتی حیثیت سے متعلق قوانین کو سمجھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔تقریب میں سینئر پولیس افسران اور زیرِ تربیت اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر