
نئی دہلی، 21 فروری (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھارت منڈپم میں منعقدہ اے آئی سمٹ میں انڈین یوتھ کانگریس کے مظاہرے کے خلاف ہفتہ کو کانگریس ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا۔ بی جے پی نے کانگریس کے مظاہرے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش قرار دیا۔ مظاہرے کے دوران بی جے پی کے ریاستی صدر ویریندر سچدیوا اور دیگر رہنماو¿ں کو حراست میں لے لیا گیا اور کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا۔
احتجاج کے دوران ریاستی صدر سچدیوا، سابق ریاستی صدر اور ایم پی منوج تیواری، ریاستی نائب صدر راجکمار بھاٹیہ، وشنو متل، پروین شنکر کپور، ڈپٹی میئر جے بھگوان یادو، ضلع صدر ویریندر ببر، مایا بشٹ اور دیگر رہنما موجود رہے ۔ پولیس نے مظاہرین کو اس وقت حراست میں لے لیا جب انہوں نے بیریکیڈ توڑ کر عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس ریاستی صدر سچدیوا اور دیگر کارکنوں کو تغلق روڈ تھانے لے گئی، جہاں انہیں تقریباً ایک گھنٹے کے بعد وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
ریاستی صدر سچدیوا نے کہا کہ اے آئی سمٹ بی جے پی کی تقریب نہیں بلکہ ایک ہندوستانی قومی تقریب تھی اور اس میں گھس کر احتجاج کرناسراسر وطن کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی سمٹ جیسے اہم پلیٹ فارم پر اس طرح کا مظاہرہ، جہاں ہندوستان اپنی اختراعی صلاحیتوں، اسٹارٹ اپ ایکونظام اور ڈیجیٹل انقلاب کا مظاہرہ کر رہا تھا، وہاں اس طرح کا احتجاج کانگریس پارٹی کی منفی سیاست کی عکاسی کرتا ہے۔
سچدیوا نے کہا کہ جب پوری دنیا ہندوستان کی تکنیکی ترقی اور ڈیجیٹل قیادت کو تسلیم کر رہی ہے، ایسے وقت میں کانگریس کے ذریعہ اس طرح کا ہنگامہ کھڑا کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی اپنی سیاسی مایوسی کو قومی مفادات سے بالاتر رکھ رہی ہے اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بھی ہندوستان کی کامیابیوں کو کمدکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سچدیوا نے کانگریس قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہی ذہنیت ہے جو پارلیمنٹ سے لے کر سڑکوں تک ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ آج ہندوستان ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے جسے کانگریس پارٹی ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔
منوج تیواری نے کہا کہ جمعہ کوجس طرح کا واقعہ پیش آیا، وہ کوئی عام واقعہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جب تک کانگریس ارکان کوپکڑتی، اس سے پہلے ہی وہاں موجود لوگوں نے انہیں سبق سکھا دیا۔ ایم پی تیواری نے کہا کہ اے آئی سمٹ میں کانگریس کا یہ احتجاج راہل گاندھی اور ان کی پوری کانگریس پارٹی کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد