
وینیزویلا کے اور بھی لیڈر امریکہ کے ریڈار پر، سبھی مادورو کے قریبی
واشنگٹن، 06 جنوری (ہ س)۔ وینیزویلا سے گرفتار کر لائے گئے وہاں کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کے بعد اب امریکہ کی نظر دیگر کئی لیڈروں پر ہے۔ مادورو اور فلوریس پر ’’نارکو ٹیررزم‘‘ کا الزام ہے۔ ایسے ہی الزامات مادورو کے کئی ساتھیوں پر ہیں۔ مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔ مادورو کو برکلین میں میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کے تقریباً سبھی ساتھی ملزم ہیں۔ ان پر مادورو کے ساتھ مل کر ’’کارٹیل‘‘ چلانے کا الزام ہے۔ الزام ہے کہ اس کارٹیل نے مبینہ طور پر امریکہ میں کئی ٹن کوکین کی اسمگلنگ کی ہے۔ یہ ہیں- قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز، ڈیوسڈاڈو کابیلو، ولادیمیر پیڈرینو لوپیز، جارج روڈریگز اور نکولس ’’نکولسیٹو‘‘ ارنسٹو مادورو گویرا۔ گویرا مادورو کے بیٹے ہیں۔ ان پر 2020 میں ’’کارٹیل ڈے لاس سولز‘‘ سے متعلق ڈرگ جرائم کا الزام لگایا گیا تھا۔ 35 سالہ نکولس ارنسٹو مادورو گویرا کو ملک میں ’’نکولسیٹو‘‘ یا ’’لٹل نکولس‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
لٹل نکولس اس وقت مقننہ میں اہم عہدے پر ہیں۔ امریکی چارج شیٹ کے مطابق، چھوٹے مادورو نے اپنے والد، دوسرے افسران اور نشہ آور اشیاء کے اسمگلروں اور ’’نارکو ٹیررسٹ گروپس‘‘ کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ان سب نے کیریبین اور سینٹرل امریکہ میں ٹرانس شپمنٹ پوائنٹس کے ذریعے وینیزویلا سے کوکین امریکہ بھیجی۔ دوسری ملزمہ ڈیلسی روڈریگز ہیں۔ 56 سالہ ڈیلسی معزول صدر مادورو کی سب سے زیادہ قریبی ہیں۔ انہوں نے پیر کو قائم مقام صدر کے طور پر حلف لیا۔ وہ اس گروپ کی رکن ہیں جس پر واشنگٹن کئی سالوں سے مادورو کو اقتدار پر اپنی آمرانہ پکڑ بنائے رکھنے میں مدد کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے۔
ڈیوسڈاڈو کابیلو کے پاس اس وقت وزارت داخلہ اور انصاف ہیں۔ انہیں ملک کی پولیس اور جیلوں کی دیکھ ریکھ کا اختیار ملا ہوا ہے۔ کابیلو نائب صدر رہ چکے ہیں اور کئی سالوں تک ملک کی پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کئی سال وینیزویلا کی انٹیلیجنس سروس کی کمان بھی سنبھالی ہے۔ مادورو کی طرح ان پر بھی امریکہ میں مجرمانہ الزامات عائد کئے گئے تھے۔ ان پر پانچ ٹن سے زیادہ کوکین امریکہ میں اسمگل کرنے میں مدد کرنے کا الزام تھا۔ 2020 میں ان پر نیویارک کے اسی جنوبی ضلع میں دائر ایک چارج شیٹ میں علیحدہ علیحدہ وفاقی ڈرگز اور ہتھیاروں سے جڑے جرائم کا الزام لگایا گیا تھا۔
ولادیمیر پیڈرینو لوپیز اس وقت وینیزویلا کے وزیر دفاع ہیں۔ ان پر بھی امریکہ میں ڈرگز کی اسمگلنگ میں براہ راست شامل ہونے کا بھی الزام ہے۔ امریکہ ان پر غیر قانونی ڈرگز لے جانے والی کمرشل فلائٹس کو محفوظ راستہ دینے اور ایسا کرنے کے لیے پروٹیکشن فیس لینے کا الزام لگاتا رہا ہے۔ 2020 میں واشنگٹن ڈی سی کی ایک فیڈرل کورٹ میں ان پر الزامات طے کیے گئے تھے۔ جارج روڈریگز قائم مقام صدر کے بھائی ہیں۔ جارج 2021 سے وینیزویلا کی نیشنل اسمبلی کے اسپیکر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن