
امریکی صدر ٹرمپ کے ایران پر ارادے نے تجسس میں اضافہ کیا
واشنگٹن، 06 جنوری (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایران پر ارادے نے تجسس (سسپنس) بڑھا دیا ہے۔ ٹرمپ کی 'میک ایران گریٹ اگین‘ ہیٹ (ٹوپی) پکڑے سامنے آئی نئی تصویر نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی ہے۔ ایران میں ہو رہے احتجاجی مظاہروں کے درمیان ٹرمپ نے حالانکہ ابھی تک براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
ایران انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق، سینیٹر لنڈسے گراہم نے اپنے ایکس اکاونٹ پر یہ تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر میں دونوں لوگ ایئر فورس ون میں مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور ٹرمپ نے وہ ٹوپی پکڑی ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے سب سے پہلے جون میں 12 دن کی جنگ کے دوران کہا تھا کہ اگر ایران کے حکمراں ایران کو پھر سے عظیم نہیں بنا سکتے تو اقتدار کی تبدیلی پر غور کیا جانا چاہیے۔
گراہم نے لکھا، ’’آمریت کے خلاف کھڑے ایران کے بہادر لوگوں پر خدا کا فضل ہو اور وہ محفوظ رہیں۔‘‘ انہوں نے ملک بھر میں چل رہے احتجاجی مظاہروں کا ذکر کیا۔ واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ میں ایران امور کے ماہر ہولی ڈیگریس نے کہا کہ اس فوٹو کی کئی طرح سے تشریح کی جا سکتی ہے، لیکن یہ کم از کم یہ دکھاتا ہے کہ ایران کا مسئلہ صدر ٹرمپ کے ذہن میں ہے۔
ڈیگریس نے کہا، ’’دنیا کی زیادہ تر توجہ وینیزویلا پر ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس ہیٹ کے ساتھ فوٹو کھنچوا کر یہ ظاہر کر دیا ہے کہ ان کی توجہ ایران پر بھی ہے۔‘‘ ڈیگریس نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ صدر کا اگلا قدم کیا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ پورے ایران میں مظاہرین ملک کے سپریم لیڈر کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے دو بار وارننگ دی ہے کہ اگر ایرانی افسران مظاہرین کو مارتے ہیں تو امریکہ سختی سے جواب دے گا۔ ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران احتجاجی مظاہرے کے 9 ویں دن اب تک کم از کم 19 مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کا ایک رکن مارا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن