
نئی دہلی، 20 جنوری (ہ س)۔ ٹاٹا ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل ) 2026 میںممبئی انڈینز (ایم آئی) کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز جی کملینی انجری کے باعث ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئی ہیں۔ ممبئی انڈینز نے ویشنوی شرما کو ان کے متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے۔
جی کملینی نے ٹاٹا ڈبلیو پی ایل 2026 کے جاری سیزن میں ممبئی انڈینز کے لیے پانچ میچ کھیلے لیکن چوٹ کی وجہ سے وہ اب پورے سیزن میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
ممبئی انڈینز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر ویشنوی شرما کو کملینی کے متبادل کے طور پر 30 لاکھ روپے میں سائن کیا ہے۔ ویشنوی 2025 میں ہندوستان کی آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔
ویشنوی شرما نے ہندوستان کے لیے اب تک پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں،جس میں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ نوجوان اسپنر کی شمولیت سے ممبئی انڈینز کے بولنگ اٹیک کو تقویت ملنے کی امید ہے۔
ممبئی انڈینز انتظامیہ کو یقین ہے کہ ویشنوی اپنی کارکردگی سے ٹیم کی ضروریات کو پورا کریں گی اور ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد