
-کمیٹی کے ارکان نے متوفی کے اہل خانہ سے ملاقات کی
نوئیڈا، 20 جنوری (ہ س)۔ نوئیڈا کے مال کے بیسمنٹ کے لیے سیکٹر 150 میں کھودے گئے گہرے گڑھے میں بھرے پانی میں کار سمیت ڈوبنے والے نوجوان سافٹ ویئر انجینئر یووراج کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تین رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی ) نے آج سے جانچ شروع کر دی ہے۔ میرٹھ زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بھانو بھاسکر کی قیادت میں تین رکنی ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
اے ڈی جی بھانو بھاسکر، میرٹھ ڈویژنل کمشنر بھانو چندر گوسوامی، اور محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر اجے ورما سب سے پہلے دوپہر 12 بجے نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر پہنچے۔ عہدیداروں نے جائے وقوعہ کی پروجیکٹ فائل کی جانچ کی اور اس بات کی جانچ کی کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے نوئیڈا اتھارٹی کے کئی افسران سے بات کی اور ان کے کردار اور ذمہ داری کے بارے میں اپنی تحقیقات کو آگے بڑھایا۔ کمیٹی کے ارکان نے مقتول کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ اس کے بعد کمیٹی ممبران مختلف مقامات کا دورہ کریں گے اور لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ چرچا ہے کہ وہ جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گے اور عام لوگوں کے کچھ ارکان سے بھی بات کریں گے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے تین رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ پانچ دن میں طلب کی گئی ہے۔ اتر پردیش حکومت نے پیر کو نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لوکیش ایم کو ان کے عہدے سے برطرف کرکے انہیں ویٹنگ لسٹ میں ڈال دیا تھا۔ ابھی تک کسی کی اس عہدے پر تعیناتی نہیں کی گئی ہے۔۔ یہ کافی بحث کا موضوع رہا ہے۔
نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لوکیش ایم، نوئیڈا میٹرو ریل کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔ وہ حال ہی میں اس وقت تنازعات میں الجھ گئے جب میٹرو ریل کے نئے سال کے کیلنڈر میں ستار بجاتے ہوئے ان کی تصویر شائع ہوئی تھی۔ تاہم وہ کارروائی سے بچ گئے تھے۔ ریاستی حکومت نے اتھارٹی کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) مہندر پرساد کو بھی ہٹا دیا تھا۔
انجینئر کی موت کے سلسلے میں، نوئیڈا پولیس نے آج اس کی کار کو بیسمنٹ کے گہرے پانی سے ہائیڈرا اور غوطہ خوروں کا استعمال کرتے ہوئے نکالا۔محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکاربھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ متوفی سافٹ ویئر انجینئر یووراج کے والد کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے دو بلڈرز کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ نالج پارک پولیس تھانہ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ سیکٹر 150 کے آس پاس کی سوسائٹیوں کے مکین اس واقعہ سے سخت ناراض ہیں۔ نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو واقعے کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے دو دن سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا۔ ان کا الزام ہے کہ نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی لاپرواہی سے یہ واقعہ پیش آیا۔ مکینوں کے مطابق علاقے میں نہ اسٹریٹ لائٹس ہیں اور نہ ہی سڑکیں اچھی حالت میں ہیں۔ اس معاملے میں نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے جنرل منیجر سمیت کچھ عہدیداروں کے خلاف پہلے کارروائی کی گئی تھی، لیکن سوسائٹیوں کے مکین مطمئن نہیں تھے۔
سافٹ ویئر انجینئرکی گڑے میں ڈوبنے سے ہوئی تھی موت
معلوم ہوا ہے کہ 17 جنوری کی رات سیکٹر 150 کی ایک سوسائٹی میں رہنے والا 27 سالہ سافٹ ویئر انجینئر یوراج رات دیر گئے گروگرام میں واقع اپنی کمپنی سے نوئیڈا کے گھر واپس آ رہا تھا۔ اس کی کار بے قابو ہو کر سیکٹر 150 کے قریب ایک گہرے نالے کو عبور کر کے بیسمنٹ کے لیے کھودے گئے پانی سے بھرے 20 فٹ گہرے گڑھے میں جا گری۔ گاڑی کچھ دیر پانی پر تیرتی رہی۔ یوراج کار کی چھت پر چڑھ کر کافی دیر تک زندگی اور موت سے جدوجہد کرتارہا۔ انہوں نے اپنے والد کو فون کیا اور پولیس کو بلایا۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ صبح 4 بجے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران یوراج کی لاش برآمد کی گئی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد