
نئی دہلی، 21 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو میگھالیہ، منی پور اور تریپورہ کے لوگوں کو ان کے یوم ریاست کے موقع پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوتے رہیں۔
میگھالیہ کے لوگوں کو آج ایکس پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کی ثقافتی رونق اور قدرتی خوبصورتی کی اندرون اور بیرون ملک تعریف کی جاتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ میگھالیہ مستقبل میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔
وزیر اعظم نے منی پور کے لوگوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کھیل، ثقافت اور فطرت کے تئیں ریاست کے جذبے کی ستائش کی اور منی پور کی مسلسل ترقی کی خواہش کی۔
تریپورہ کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کا سفر روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں رونما ہونے والی تبدیلیاں اور تریپورہ کے لوگوں کی محنت ہندوستان کی ترقی کے سفر کو تیز کر رہی ہے۔ انہوں نے ریاست کی خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی