
مکیش سنگھ نے ڈی جی پی لداخ کا عہدہ سنبھالا
لداخ، 16 جنوری (ہ س)۔ سینئر آئی پی ایس افسر مکیش سنگھ نے جمعہ کے روز باضابطہ طور پر لداخ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کا عہدہ سنبھال لیا۔ حکام کے مطابق 1996 بیچ کے آئی پی ایس افسر مکیش سنگھ نے دوپہر کے وقت ڈی جی پی لداخ کے طور پر عہدہ سنبھالا۔ ان کی تقرری ایک ایسے مرحلے پر ہوئی ہے جب خطے میں قانون نافذ کرنے کے نظام کو مزید مستحکم بنانے، سرحدی نگرانی کو مؤثر کرنے اور داخلی سلامتی کے انتظامات کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
نئے ڈی جی پی مکیش سنگھ پولیسنگ کے شعبے میں طویل اور متنوع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ جموں و کشمیر اور مرکزی مسلح پولیس فورسز میں متعدد اہم اور حساس ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ انڈو تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جموں، انسپکٹر جنرل آئی ٹی بی پی، انسپکٹر جنرل جموں، انسپکٹر جنرل کرائم جموں و کشمیر اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) میں انسپکٹر جنرل جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے مشکل حالات میں امن و امان کی صورتحال کو سنبھالنے، انسدادِ شورش کارروائیوں اور جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر