
ناسک، 14 جنوری (ہ س)۔ ناسک میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کے روز تنظیمی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 76 کارکنوں کو پارٹی سے چھ سال کے لیے معطل کر دیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ان کارکنوں کے خلاف کی گئی ہے جو ناسک میونسپل کارپوریشن انتخابات کے دوران پارٹی کے مجاز امیدواروں کے خلاف سرگرم رہے تھے۔
ناسک شہر بی جے پی کے صدر سنیل کیدار نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ نہ ملنے کے بعد کئی کارکنوں نے بغاوت کا راستہ اختیار کیا تھا۔ پارٹی قیادت نے ابتدا میں ان کارکنوں کو قائل کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کچھ کارکن پارٹی کے حق میں واپس آ گئے اور انتخابی مہم میں بھی شریک ہوئے۔
تاہم کیدار کے مطابق کچھ باغی کارکن ایسے بھی تھے جنہوں نے سینئر لیڈروں کی بات ماننے سے انکار کیا اور پارٹی ہدایات کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ ان کارکنوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے، مگر مقررہ وقت میں کسی نے بھی جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔
اسی پس منظر میں پارٹی نے 76 کارکنوں کو چھ سال کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا، جن میں سابق میئر اور کارپوریٹر بھی شامل ہیں۔ سنیل کیدار نے عندیہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو دیگر باغی کارکنوں کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے