
جموں, 14 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے دسویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی کامیابی کی شرح 85.03 فیصد رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق امتحان میں کل 94,845 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 80,650 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ جے کے بوس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ رواں برس کامیابی کی شرح حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہے، جو تعلیمی کارکردگی میں مجموعی بہتری کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کی شرح تقریباً 79 فیصد رہی تھی، جبکہ اس سے قبل تعلیمی سال میں 1,45,671 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے تھے، جن میں سے 1,16,453 طلبہ کامیاب ہوئے تھے۔سال 2023 میں بھی کامیابی کی شرح تقریباً 80 فیصد درج کی گئی تھی۔
عہدیدار کے مطابق نتائج میں مسلسل بہتری طلبہ اور اساتذہ کی مشترکہ محنت اور تعلیمی معیار میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر