
پٹنہ،14جنوری(ہ س)۔راجدھانی پٹنہ میں بدھ کی صبح ایک المناک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ حادثہ دیدار گنج تھانہ علاقہ میں دھرم شالہ کے قریب ریاستی شاہراہ پر پیش آیا۔ متوفی کی شناخت حاجی پور کے رہنے والے آلوک کمار سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔معلومات کے مطابق 45 سالہ آلوک کمار سنگھ حاجی پور سے دیدار گنج کے راستے راگھو پورجا رہے تھے۔ دیدار گنج دھرم شالہ کے قریب اس کی بائک سڑک حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دیدار گنج تھانہ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ حادثہ کس گاڑی کی وجہ سے ہوا۔ حادثے کے بعد ریاستی شاہراہ کی ایک لین پر ٹریفک عارضی طور پر درہم برہم ہوگئی۔ پولیس نے ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہوئے حالات معمول پر لانے میں کامیابی حاصل کی۔متوفی کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ آلوک کمار سنگھ جس موٹر سائیکل پر سوار تھے اس کا رجسٹریشن نمبر بی آر 31 ایس 3854 تھا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan