امریکہ کی قبضے کی کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کریںگے: گرین لینڈ حکومت
واشنگٹن،13جنوری(ہ س)۔گرین لینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جزیرہ اپنی وسیع و عریض اراضی پر قبضے کے لیے امریکی کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کرتا اور وہ شمالی اوقیانوس کے معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کے فریم ورک کے اندر ان علاقوں کے دفاع کو یقینی بنانے کے
امریکہ کی قبضے کی کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کریںگے: گرین لینڈ حکومت


واشنگٹن،13جنوری(ہ س)۔گرین لینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جزیرہ اپنی وسیع و عریض اراضی پر قبضے کے لیے امریکی کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کرتا اور وہ شمالی اوقیانوس کے معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کے فریم ورک کے اندر ان علاقوں کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دے گا۔حکومت نے ایک بیان میں مزید کہا کہ امریکہ نے گرین لینڈ کو حاصل کرنے کی اپنی کوشش کو دہرایا ہے۔ گرین لینڈ کا حکومتی اتحاد اسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کر سکتا۔

حکومت نے یہ بھی کہا کہ نیٹو کے 6 رکن ممالک کی جانب سے گرین لینڈ کے حوالے سے انتہائی مثبت موقف کے پیش نظر حکومت اپنی کوششیں تیز کرے گی کہ گرین لینڈ کا دفاع نیٹو کے فریم ورک میں شامل ہو جائے۔ اسی طرح ینس فریڈرک نیلسن کی حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ گرین لینڈ کی مستقل نیت ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد کا حصہ رہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو دوبارہ اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا ملک ڈنمارک کے زیرِ انتظام علاقے گرین لینڈ کو حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ انہوں نے صدارتی طیارے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے گرین لینڈ پر قبضہ نہ کیا تو روس یا چین اس پر قبضہ کر لیں گےاور میں ایسا ہونے نہیں دوں گا۔انہوں نے قطبی جزیرے پر زور دیا کہ وہ ان کے ساتھ سودا کر لے۔ اسی دوران سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے حکام آئندہ بدھ کو ڈنمارک کے حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ گرین لینڈ کے مسئلے پر بات چیت کی جا سکے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ ہفتے کانگریس کے سامنے واضح کیا تھا کہ ٹرمپ ڈنمارک کے اس علاقے کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

یاد رہے برطانیہ اور جرمنی کی قیادت میں یورپی ممالک کے ایک گروپ نے گرین لینڈ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کے منصوبوں پر بحث شروع کر دی ہے تاکہ امریکی صدر کو یہ دکھایا جا سکے کہ یہ براعظم آرکٹک کی سلامتی کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ اس بات سے اتوار کو ” بلومبرگ “ نے آگاہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جرمنی آرکٹک خطے کی حفاظت کے لیے نیٹو کے مشترکہ مشن کی تشکیل کی تجویز دے گا۔گزشتہ ہفتے فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، سپین اور برطانیہ نے ایک مشترکہ بیان میں امریکی صدر کے مقابلے میں گرین لینڈ اور ڈنمارک کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے ٹرمپ نے گزشتہ عرصے کے دوران بارہا یہ ذکر کیا ہے کہ ان کے ملک کو گرین لینڈ کا مالک بننے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں روس یا چین کو اس پر قبضہ کرنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ یہ بھی کہا کہ روسی اور چینی بحری جہاز جزیرے کے قریب کام کر رہے ہیں۔ یہ وہ بات ہے جسے شمالی یورپی ممالک نے مسترد کر دیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande