
جموں, 7 دسمبر (ہ س)۔ شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے ہفتہ کے روز پانچ ریلوے انڈر بریجز پر اشتہاری حقوق الاٹ کرنے کے لیے ای-آکشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد ٹکٹ اور فریٹ چارجز کے علاوہ غیر کرایہ آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر اُچت سنگھل کے مطابق ریلوے انڈر بریجز پر اشتہاری حقوق کے لیے یہ اپنی نوعیت کی پہلی ای-نیلامی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب بولی دہندہ کو تین سال کے لیے اشتہاری حقوق فراہم کیے گئے ہیں، جس سے ریلوے کو 44 لاکھ روپے کی غیر کرایہ آمدن حاصل ہوگی۔
ای-آکشن میں جن انڈر بریجز کے اشتہاری حقوق نیلام کیے گئے، ان میں نروال ریلوی انڈر بریج نمبر 1، چنّی ہمت انڈر بریج نمبر 242، کنجوانی انڈر بریج نمبر 237، باغِ بہو انڈر بریج نمبر 247 اور سانبا انڈر بریج نمبر 173 شامل ہیں۔
اُچت سنگھل نے کہا کہ روزانہ ہزاروں افراد ان انڈر بریجز سے گزرتے ہیں، جو مختلف کمپنیوں کے لیے اپنی مصنوعات اور برانڈز کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انڈر بریجز اہم مقامات پر واقع ہونے کے باعث اشتہارات کی چوبیس گھنٹے نمایاں نمائش یقینی بناتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر