
پونے ، 6 دسمبر (ہ س)۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) گروپ کے سربراہ شرد پوار نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ان کی جماعت آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اجیت پوار کی قیادت والے این سی پی دھڑے کے ساتھ کوئی انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔ اس بات کی تصدیق شہر این سی پی کے صدر پرشانت جگتاپ نے میڈیا سے گفتگو میں کی۔
پرشانت جگتاپ نے بتایا کہ انہوں نے انتخابی حکمت عملی، اتحاد کے امکانات اور مختلف سیاسی نتائج پر تفصیلی تجزیہ پیش کرنے کے لیے شرد پوار سے ملاقات کی۔ گفتگو کے دوران شرد پوار نے دو ٹوک فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وہ اجیت پوار دھڑے کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ جگتاپ کے مطابق یہ پیغام انہوں نے فون کے ذریعے ریاستی صدر ششی کانت شندے تک بھی پہنچایا۔
حالیہ میونسپل کونسل اور نگر پنچایتی انتخابات میں متعدد جگہوں پر اتحاد ٹوٹنے اور غیر معمولی سیاسی جوڑ توڑ سامنے آنے کے بعد کچھ لیڈروں اور کارکنوں کی جانب سے یہ رائے پیش کی جا رہی تھی کہ دونوں این سی پی دھڑے مخصوص علاقوں میں مشترکہ طور پر انتخاب لڑیں۔ تاہم شرد پوار کے اس اعلان نے دونوں دھڑوں کی ممکنہ یکجہتی کی تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے