
اورنگ آباد ، 6 دسمبر (ہ س) پولیس کمشنر پراوین پوار نے شہر کے ایئرپورٹ زون میں لیزر لائٹس اور بیم لائٹس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ایک باضابطہ حکم جاری کیا ہے، جو 29 جنوری 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔ یہ پابندی فارم ہاؤسز، شادی کی محفلوں اور تمام سماجی تقریبات کے منتظمین اور مالکان پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
کمشنر کے مطابق انڈین سول پروٹیکشن کوڈ کی دفعہ 163 (1) اور (3) انہیں ایسے احکامات جاری کرنے کا اختیار فراہم کرتی ہے، اور انہی دفعات کے تحت اس پابندی کو نافذ کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لیزر یا تیز شعاعی روشنی ہوائی جہاز کے کاک پٹ تک پہنچ کر پائلٹ کی نگاہ پر اثر ڈال سکتی ہے، جس سے لینڈنگ اور ٹیک آف میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور کسی بڑے حادثے کا اندیشہ جنم لے سکتا ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر تقریب گاہوں اور سماجی پروگراموں میں کسی بھی قسم کی لیزر یا بیم لائٹس کے استعمال کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں بی این ایس کی دفعہ 223 سمیت متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں سزا کا امکان بھی شامل ہے۔ کمشنریٹ نے عوام اور پروگرام منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی حفاظت کے مفاد میں اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے