
نئی دہلی، 6 دسمبر (ہ س)۔ بھارتی قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے آئی) نے کیرالہ کے ضلع کولّم میں این ایچ-66 پر زیرِ تعمیر ہائی وے کی دیوار گرنے اور سروس روڈ دھنسنے کے واقعے کے بعد منصوبے کے ٹھیکیدار اور اس کے اہم شراکت داروں پر تین سال کے لیے پابندی عائد کر دی ہے اور مالی جرمانہ بھی لگایا ہے۔ ساتھ ہی منصوبے کے انجینئر پر دو سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے دونوں فریقوں کے سینئر افسران کو سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ کی مرکزی وزارت نے ہفتہ کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد بھارتی ٹیکنالوجی اداروں (آئی آئی ٹی) کے ماہرین کی ٹیم نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق حادثے کی وجہ نامکمل جیو ٹیکنیکل جانچ اور بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری تکنیکی اقدامات کی نظراندازی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ کوٹایم کے قریب کلو میٹر 504.400 پر بنے 22.9 میٹر طویل انڈر پاس کے پاس 9.4 میٹر اونچے مصنوعی بھراؤ میں گہرے حصے میں کٹاؤ کے باعث ڈھانچے کی ناکامی اور برداشت کی صلاحیت ختم ہونے کی وجہ سے یہ دیوار گری۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکیدار نے نہ مناسب تکنیکی جانچ کی اور نہ ہی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لازمی اقدامات مکمل کیے، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
این ایچ اے آئی نے واقعے کے بعد ٹھیکیدار، اس کے شراکت داروں اور آزاد انجینئر کو ایک ماہ کے لیے بولی کے عمل سے معطل کردیا۔ 5 دسمبر کو ہی تین سال (ٹھیکیدار و شراکت داروں کے لیے) اور دو سال (آزاد انجینئر کے لیے) کی پابندی اور مالی جرمانے کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے۔ پروجیکٹ مینیجر اورانجینئر کو بھی فوری طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔
این ایچ اے آئی کے مطابق یہ منصوبہ کولّم–کدمبٹّوکنم روٹ پر تعمیر، آپریشن اور مینٹیننس ماڈل کے تحت چل رہا ہے۔ اسے میسرز شیوالیا کنسٹرکشنز کے تعاون سے آگے بڑھایا جا رہا تھا۔ انجینئر کے طور پر میسرز فیڈبیک انفرا اور میسرز سترا سروسز کی مشترکہ ٹیم ذمہ داری نبھا رہی تھی۔ منصوبے کی نگرانی این ایچ اے آئی کے ترووننت پورم پروجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی پی ساہو کر رہے تھے۔
واقعے کی تفصیلی جانچ کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ، جس میں آئی آئی ٹی کانپور کے ماہر ڈاکٹر جمی تھامس اور آئی آئی ٹی پلکّاڈ کے سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سدھیش ٹی کے شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد