انڈیگو کی 800 سے زائد پروازیں منسوخ، کرایوں کی واپسی کے لئے حکومت سخت
نئی دہلی، 6 دسمبر (ہ س)۔ انڈیگو کی پروازیں منسوخ ہونے یا تاخیر سے اڑان بھرنے کے باعث مسلسل پانچویں روز بھی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافر پریشان نظر آئے جن میں کچھ غیر ملکی بھی شامل تھے۔ آج 800 سے زائد پروازیں
انڈیگو کی 800 سے زائد پروازیں منسوخ، کرایوں کی واپسی کے معاملے پر حکومت سخت


نئی دہلی، 6 دسمبر (ہ س)۔ انڈیگو کی پروازیں منسوخ ہونے یا تاخیر سے اڑان بھرنے کے باعث مسلسل پانچویں روز بھی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافر پریشان نظر آئے جن میں کچھ غیر ملکی بھی شامل تھے۔ آج 800 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی اور مسافروں کے سامان کے لاپتہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ انڈیگو کے بحران کے دوران دیگر ایئرلائنز کے کرایوں میں اضافے پر حکومت نے سخت رویہ اختیار کیا ہے اور انڈیگو کو مسافروں کو ریفنڈ فراہم کرنے کے سخت ہدایات بھی دی ہیں۔

عملے کی کمی کی وجہ سے انڈیگو نے جمعہ کو 1,000 سے زائد پروازیں منسوخ کی تھیں۔ اس سے ہوائی کرایے معمول سے تین سے چار گنا تک بڑھ گئے۔ انڈیگو ملک کی تقریباً دو تہائی گھریلو ہوائی ٹریفک کو کنٹرول کرتا ہے اور روزانہ تقریباً 2,300 پروازیں چلاتا ہے۔

اسی دوران انڈیگو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹر ایلبرز نے رات گئے جاری بیان میں مسافروں سے پیش آنے والی تکلیف پر معذرت کی اور توقع ظاہر کی کہ 10 سے 15 دسمبر کے درمیان پروازوں کی صورتِ حال معمول پر آجائے گی۔

ادھر انڈیگو نے کہا ہے کہ حالیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے صارفین کی تمام منسوخیوں کے ریفنڈ ان کے اصل طریقۂ ادائیگی کے ذریعے خودکار طریقے سے پروسیس کیے جائیں گے۔ 5 سے 15 دسمبر کے درمیان سفر کے لیے کی گئی بکنگ کی تمام منسوخی یا ری شیڈول درخواستوں پر مکمل چھوٹ دی جائے گی۔

انڈیگو پورے نیٹ ورک میں اپنی خدمات کو دوبارہ معمول پر لانے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔ ہماری ٹیمیں شیڈول کو درست کرنے، تاخیر کو کم کرنے اور اس دوران گاہکوں کو سہارا دینے پر توجہ دے رہی ہیں۔

آج منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 850 سے کم ہو گئی ہے، جو کل کے مقابلے میں کافی کم ہے۔ ہم اگلے چند دنوں میں اس تعداد میں مزید کمی لانے کی سمت کام کر رہے ہیں۔

انڈیگو کی پروازی بحران کے دوران ہوائی کرایے آسمان کو چھونے لگے۔ کولکاتا–ممبئی پرواز کا کرایہ 90 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔ اسی دوران مسافروں سے حد سے زیادہ قیمت وصول کرنے والی دیگر ایئرلائنز پر سختی کرتے ہوئے شہری ہوابازی وزارت نے تمام متاثرہ روٹس پر ہوائی کرایوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کر دی ہے۔

وزارت کی جانب سے تمام ایئرلائنز کو ایک باضابطہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں طے شدہ زیادہ سے زیادہ کرایہ کی پابندی سختی سے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ہدایت کے مطابق ایئرلائن اب اس نئی حد سے زیادہ کرایہ وصول نہیں کر سکتیں۔ یہ اصول اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک انڈیگو کی صورتِ حال مکمل طور پر بہتر نہیں ہو جاتی اور پروازیں معمول پر نہیں آ جاتیں۔

ہدایات کے مطابق: 500 کلومیٹر تک کے سفر کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 7,500 روپے، 500 سے 1000 کلومیٹر تک 12,000 روپے،1000 سے 1500 کلومیٹر تک 15,000 روپے،اور 1500 کلومیٹر سے زیادہ کے لیے 18,000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

شہری ہوا بازی کی وزارت نے کہا کہ تمام منسوخ یا تاخیر سے ہونے والی پروازوں کے لیے رقم کی واپسی اتوار کی شب 8 بجے تک مکمل کر لینی چاہیے۔ ایئر لائنز اب ان مسافروں سے ری بکنگ فیس نہیں لیں گی جن کے سفری منصوبے منسوخی سے متاثر ہوئے ہیں۔ وزارت نے متنبہ کیا کہ رقم کی واپسی میں تاخیر یا ضوابط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں فوری قانونی اور ضابطہ کار کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande