
ممبئی ، 6 دسمبر (ہ س) بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر مہایوتی کوآرڈینیشن کمیٹی نے یہ طے کیا ہے کہ اتحاد کی جماعتیں ایک دوسرے کے لیڈروں، کارکنوں یا عہدیداروں کو اپنی جماعت میں شامل نہیں کریں گی۔ اس فیصلے کا اعلان بی جے پی کے سینئر وزیر چندر شیکھر باونکولے نے کیا، جنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے درمیان آئندہ دو سے تین دن میں ہونے والی میٹنگ میں اس فیصلے کو باضابطہ منظوری دی جائے گی۔
اتحاد کے اندر تناؤ کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں بی جے پی کے مبینہ ’’آپریشن لوٹس‘‘ سے متعلق شکوک پھر سے بڑھ گئے ہیں۔ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ اتحاد کی شراکت دار جماعتوں نے بھی اس پر تشویش ظاہر کی ہے۔ حال ہی میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے خدشات پیش کیے تھے۔
اسی پس منظر میں کوآرڈینیشن کمیٹی نے یہ موقف اختیار کیا کہ بی جے پی، شیو سینا ’’شندے دھڑا‘‘ اور این سی پی ’’اجیت پوار دھڑا‘‘ کے درمیان آپسی شمولیت مکمل طور پر روک دی جائے۔ باونکولے نے کہا کہ سیاسی اتحادوں میں معمولی اختلافات ہونا غیر معمولی بات نہیں اور مہایوتی اتحاد میں بھی چند امور پر اختلاف ہے، تاہم کوئی بڑا تنازع موجود نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گفت و شنید کے ذریعے تمام چھوٹے مسائل حل ہو جائیں گے اور اتحاد مضبوطی کے ساتھ انتخابات میں اترے گا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے