
اینجل گلوبل اسکول میں شاندار سالانہ تقریب کا انعقاد
علی گڑھ، 6 دسمبر (ہ س)۔ اینجل گلوبل اسکول میں سالانہ تقریب ''سمفونی آف اسٹارز'' نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس میں بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر بطورِ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نائلہ راشد، پرنسپل احمدی بلائنڈ اسکول، اے ایم یو نے شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر محمد نوشاد، کنسلٹنٹ ارلی انٹروینشن، ڈی ای آئی سی، جے این ایم سی، اے ایم یو مہمانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی نے اسکول کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اینجل گلوبل اسکول نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ خصوصی ضرورت کے حامل بچوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ اینجل گلوبل اسکول کی بانی ڈاکٹر شیرین شیروانی نے اسکول کو شمولیتی تعلیم کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر بچہ اپنی منفرد صلاحیتوں کے ساتھ چمکتا ہے۔ ادارہ فخر کے ساتھ تین شعبوں — اسپیشل ایجوکیشن، کنڈرگارٹن اور پرائمری — کے ذریعے مختلف صلاحیتوں اور رجحانات کے حامل بچوں کی تربیت کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے اسکول میں طلبہ کی ہر کامیابی کو خوشی اور محبت کے ساتھ منایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے کیمپس بچوں کے لیے امید، حوصلے اور امکانات کا مرکز بن چکا ہے۔
تقریب میں بچوں نے مختلف رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جنہیں والدین اور مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے مستقبل میں بھی بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کی کاوشوں کی بھی ستائش کی گئی۔ بچوں کے سرپرستوں میں قاری میکائیل نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجل گلوبل اسکول کے طلبا نے بہت ہی شاندار پروگرام پیش کئے ہیں میں اللہ تبارک تعالی سے دعا گو ہوں کہ اس اسکول کو مزید ترقیات سے نوازے اور اسکول منجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ بچوں کی بہت اچھی تربیت کررہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ