
بھوپال میں دو مختلف معاملات میں دسویں جماعت کے طالب علم اور اسکول کی اکاونٹینٹ نے خودکشی کی
بھوپال، 06 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں 2 الگ۔الگ معاملات میں دسویں جماعت کے طالب علم اور ایک اسکول کی اکاونٹینٹ نے پھانسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ ہفتہ کو دونوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاشوں کو اہل خانہ کو سونپ دیا گیا۔ فی الحال پولیس نے دونوں ہی معاملوں میں کیس درج کر کے وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔
معلومات کے مطابق پہلا معاملہ جہانگیر آباد تھانہ علاقے کا ہے۔ یہاں پولیس لائن میں رہنے والے ایک پولیس اہلکار کے 15 سال کے بیٹے نے ہفتہ کی صبح پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ ایس آئی گوتم نے بتایا کہ مہلوک رودراکش راجاوت کیمپین اسکول میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔ ان دنوں اس کے ”مڈ-ٹرم“ امتحانات چل رہے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق جمعہ کی دوپہر کو رودراکش معمول کے مطابق اسکول سے واپس آیا اور رات میں والدین کے ساتھ کھانا کھا کر اپنے کمرے میں سونے چلا گیا۔ اس نے کسی طرح کی پریشانی کا خاندان سے ذکر نہیں کیا تھا۔
ہفتہ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے 4 بجے اس کے والد اٹھے تو رودراکش کو ڈرائنگ روم میں مفلر کے سہارے پھندے پر لٹکا ہوا نظر آیا۔ انہوں نے اہل خانہ کو آواز دی۔ خاندان کے لوگوں نے فوراً اسے نیچے اتارا اور اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دوپہر میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی۔ پولیس اہل خانہ اور اسکول اسٹاف سے بات کر کے یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ بچے نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔ پولیس نے مرگ قائم کر کے وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔
وہیں دوسرا معاملہ بھوپال کے کولار علاقے کا ہے۔ یہاں نیو اوم نگر میں رہنے والی 27 سالہ سجاتا کھنڈالے نے جمعہ کی رات پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ کولار تھانہ اے ایس آئی منوج ناگ ونشی کے مطابق متوفیہ مدر ٹریسا اسکول میں اکاونٹینٹ تھی۔ جمعہ کو ہی اس کا یوم پیدائش بھی تھا اور اسی دن اس نے خودکشی کر لی۔ رات تقریباً 10 بجے اہل خانہ نے اسے کمرے میں پھندے پر لٹکا دیکھا تو فوراً اتار کر اسپتال لے کر پہنچے، جہاں کچھ دیر بعد ہی ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اطلاع کے بعد پہنچی پولیس کو اس کے پاس سے سوسائیڈ نوٹ ملا ہے۔ جس میں اس نے بیماری کے باعث جان دینے کی بات لکھی ہے۔ حالانکہ یہ صاف نہیں ہو سکا ہے کہ اسے بیماری کیا تھی۔ اے ایس آئی نے بتایا کہ فی الحال اہل خانہ کے تفصیلی بیان درج نہیں کیے جا سکے ہیں۔ پولیس نے مرگ قائم کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔ ہفتہ کی دوپہر کو پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن