
اسٹیٹ ٹائیگر اسٹرائیک فورس مدھیہ پردیش اور وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو نئی دہلی نے کی کارروائی
بھوپال، 5 دسمبر (ہ س)۔
اسٹیٹ ٹائیگر اسٹرائیک فورس مدھیہ پردیش اور وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو نئی دہلی نے ہندوستان-چین کی بین الاقوامی سرحد کے پاس لاچنگ، منگن، ضلع شمالی سکم (سکم) سے گرفتار کیا ہے۔
10 سال سے مطلوب اس ملزمہ کو کئی مہینوں کی سخت محنت کے بعد 2 دسمبر 2025 کو کامیابی کے ساتھ کارروائی کے تحت گرفتار کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ہدایت پر ریاست میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے لگاتار مجموعی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس سمت میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔
رابطہ عامہ افسر کے کے جوشی نے جمعہ کو بتایا کہ ستپوڑا ٹائیگر ریزرو نرمداپورم میں شیر اور پینگولین کے غیر قانونی شکار اور شیر کی ہڈیوں و پینگولین کے اسکیل کی نیپال کے راستے چین میں غیر قانونی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے خلاف جولائی 2015 میں معاملہ درج کیا گیا تھا، جس میں یانگ چین لاچنگپا مطلوب تھی۔ معاملے کی سنگینی دیکھتے ہوئے فاریسٹ ہیڈ کوارٹر نے اسے مدھیہ پردیش اسٹیٹ ٹائیگر اسٹرائیک فورس کو تفتیش کے لیے سونپا تھا۔ ایس ٹی ایس ایف نے ایک منظم اور بین الاقوامی گروہ کا پردہ فاش کر کے 31 ملزمان کو گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یانگ چین لاچنگپا بین الاقوامی شیر اسمگلنگ گروہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ جس کا نیٹ ورک ہندوستان، نیپال، بھوٹان اور چین تک پھیلا ہوا ہے۔ یانگ چین لاچنگپا کے گروہ کے کئی ممالک میں پھیلے نیٹ ورک کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند کی درخواست پر انٹرپول کے ذریعے یانگ چین لاچنگپا کے خلاف ”ریڈ نوٹس“ بھی جاری کیا گیا ہے، جس سے اسے کسی بھی ملک میں متعلقہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ذریعے گرفتار کیا جا سکے۔ یانگ چین لاچنگپا بنیادی طور پر چین کے خود مختار خطے تبت کی رہائشی ہے اور ہندوستان میں بنیادی طور پر دہلی اور سکم میں رہتی تھی۔ یانگ چین کو پہلی بار ستمبر 2017 میں بھی حراست میں لے کر ٹرانزٹ ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا تھا، لیکن عدالت سے عبوری ضمانت ملنے کے بعد فرار ہو گئی تھی۔ اس کی پیشگی ضمانت کو مدھیہ پردیش کی ہائی کورٹ جبل پور نے بھی سال 2019 میں خارج کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم یانگ چین لاچنگپا گرفتاری سے بچنے کے لیے لگاتار ایجنسیوں کو چکمہ دے رہی تھی، آخر میں 2 دسمبر 2025 کو اسے مدھیہ پردیش اسٹیٹ ٹائیگر اسٹرائیک فورس اور مرکزی حکومت کی وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو نئی دہلی کی مشترکہ ٹیم نے انتہائی مشکل حالات میں کم درجہ حرارت کے علاقے میں جا کر منصوبہ بند طریقے سے گھیرا بندی کر کے لاچنگ، منگن (سکم) سے گرفتار کر کے عدالت گنگ ٹوک کے سامنے پیش کر کے مدھیہ پردیش حکومت کا پختہ موقف رکھنے کے بعد ٹرانزٹ وارنٹ 3 دسمبر 2025 کو رات میں حاصل کر کے اسے مدھیہ پردیش لایا جا رہا ہے۔ اس کارروائی میں سکم پولیس کا اہم تعاون رہا۔
یہ ملک کا پہلا معاملہ ہے جس میں شکاریوں، کوریئر بچولیے اور اسمگلروں سمیت 31 افراد کے پورے گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پہلے گرفتار تمام ملزمان کو سزا بھی مل چکی ہے۔ ملزمہ یانگ چین کو عدالت نرمداپورم میں پیش کر کے ریمانڈ مانگا جائے گا، جس سے اس سنگین معاملے میں مزید تفتیش کی جا سکے۔ اس کامیاب کارروائی میں شامل ایس ٹی ایس ایف کی ٹیم کو بہترین کام کے لیے انعام دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن