کشتواڑ میں جعلی صحافیوں کی جانچ کا عمل جاری
جموں, 5 دسمبر (ہ س)۔ کشتواڑ ضلع انتظامیہ نے جعلی صحافیوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر ویریفکیشن مہم شروع کر دی ہے۔ یہ قدم ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری ہائی الرٹ احکامات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ ڈسٹ
کشتواڑ میں جعلی صحافیوں کی جانچ کا عمل جاری


جموں, 5 دسمبر (ہ س)۔

کشتواڑ ضلع انتظامیہ نے جعلی صحافیوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر ویریفکیشن مہم شروع کر دی ہے۔ یہ قدم ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری ہائی الرٹ احکامات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کشتواڑ نے تمام میڈیا نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ دس دن کے اندر اپنے اصل ایکریڈیٹیشن لیٹر اور درست شناختی دستاویزات محکمہ اطلاعات کے دفتر میں جمع کروائیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ میڈیا شناخت کے ناجائز استعمال، بلیک میلنگ، بھتہ خوری اور دھونس دھمکی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ غیر منظور شدہ افراد خود کو صحافی ظاہر کر کے سرکاری افسران کو ہراساں کر رہے ہیں اور گمراہ کن یا ہتک آمیز مواد پھیلا رہے ہیں۔ سال 2022 کے کپواڑہ بھتہ خوری کیس جیسے واقعات نے بھی اس معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔

انتظامیہ نے تمام ضلعی دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ وہ معلومات صرف تصدیق شدہ صحافیوں کے ساتھ شیئر کریں اور کسی بھی مشکوک میڈیا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔حکام کے مطابق جاری ویریفکیشن مہم کا مقصد صحافت کے تقدس کا تحفظ اور اُن عناصر کا خاتمہ ہے جو اس پیشے کا نام استعمال کر کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande