
جموں, 5 دسمبر (ہ س). جموں و کشمیر بینک نے یونین ٹیریٹری میں مشن یُوا اسکیم کے تحت 10 ہزار نوجوانوں کو قرض فراہم کر کے انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق، جے اینڈ کے حکومت کے فلیگ شپ پروگرام مشن یُوا کے تحت بینک نے 10 ہزار مستحق نوجوانوں کو اپنے کاروباری منصوبے قائم کرنے کے لیے قرض منظور کیا ہے، جو خطے میں نوجوانوں کی خود روزگاری اور کاروبار کی حوصلہ افزائی کے عزم کی عملی مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مشن یُوا کے ذریعے بینک حکومت کے ساتھ قریبی تال میل قائم رکھتے ہوئے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، تاکہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں نوجوانوں کیلئے معاشی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق، یہ کامیابی بینک کے اس مسلسل عزم کی عکاس ہے جس کے تحت نوجوان خواتین و حضرات کو روزگار تلاش کرنے والا نہیں بلکہ روزگار دینے والا بنایا جا رہا ہے۔
بینک کے مینیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او امتیاب چٹرجی نے اس سنگ میل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشن یُوا کے تحت 10 ہزار نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنانا ہمارے اس گہرے عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم جموں و کشمیر میں خود کفالت اور جامع ترقی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی محض اعداد و شمار کا کھیل نہیں، بلکہ ہمارے نوجوانوں کے اس جذبے کی علامت ہے کہ وہ اعتماد اور عزم کے ساتھ اپنے مستقبل کو خود سنوارنے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
چٹرجی نے کہا کہ بینک اس تبدیلی لانے والے پروگرام کی مضبوطی سے حمایت کرتا رہے گا، جو خطے کے سماجی و معاشی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے کاروباری افراد کو بااختیار بناتا ہے۔
واضح رہے کہ مشن یُوا کا مقصد نوجوانوں کو مالی معاونت، تربیت اور رہنمائی کے ذریعے اپنے کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر