
آنے والے دنوں میں برفیلی ہواوں سے بڑھے گی سردی
بھوپال، 5 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں سردی دھیرے دھیرے اب رفتار پکڑنے لگی ہے۔ ریاست کے کم از کم درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔ گزشتہ رات 9 شہروں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے درج کیا گیا۔ سب سے سرد پچمڑھی رہا۔ ریاست میں آنے والے دنوں میں برفیلی ہواوں سے کڑاکے کی سردی پڑے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہمالیائی خطے میں ایک ویسٹرن ڈسٹربنس ایکٹو ہے، جبکہ اس کے پیچھے ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس آ رہا ہے۔ اس وجہ سے پہاڑوں میں برف باری-بارش ہوگی اور پھر ٹھنڈی ہوائیں ریاست میں آئیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، پہاڑی ریاستوں- ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے اونچائی والے علاقوں میں 5 اور 7 دسمبر کو ویسٹرن ڈسٹربنس کے سبب برف باری اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے بعد ہوا کی سمت شمالی ہوگی۔ جس سے 8-7 دسمبر کو ایم پی کے اجین، گوالیار، چمبل اور ساگر میں سردی کا اثر بڑھ جائے گا۔ یہیں پر شمالی ہواوں کا اثر سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ بھوپال، اندور، جبل پور-نرمداپورم ڈیویژن میں بھی کڑاکے کی سردی کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو اس بار سردی کا اثر تیز رہا ہے۔ بھوپال میں نومبر کی سردی کا 84 سال کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، جبکہ اندور میں 25 سال میں سب سے زیادہ سردی پڑی ہے۔ ایسی ہی سردی دسمبر میں بھی رہے گی۔
نرمداپورم ضلع کا پچمڑھی ریاست میں سب سے سرد بنا ہوا ہے۔ یہ ریاست کا واحد ہل اسٹیشن ہے۔ گھنا جنگل ہونے کی وجہ سے یہاں پر سردی کا اثر زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ رات کے ساتھ دن میں بھی درجہ حرارت سب سے کم ہے۔ بدھ-جمعرات کی رات میں یہاں پارہ 6.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ شہڈول کے کلیان پور میں 7.4 ڈگری، شاجاپور میں 7.9 ڈگری، مرینا میں 8.5 ڈگری، امریا میں 9.1 ڈگری، دتیا میں 9.3 ڈگری، راج گڑھ میں 9.4 ڈگری اور ریوا میں پارہ 9.8 ڈگری رہا۔ بڑے 5 شہروں میں گوالیار میں سب سے کم 8.6 ڈگری رہا۔ اندور میں 10.2 ڈگری، جبل پور میں 11.4 ڈگری، بھوپال میں 11.6 ڈگری اور اجین میں پارہ 13 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن