
جے پور، 5 دسمبر (ہ س): راجستھان ہائی کورٹ (جے پور) کے پورے احاطے کو جمعہ کی صبح تقریباً 10:15 بجے بم کی دھمکی ای میل موصول ہونے کے بعد فوری طور پر خالی کرالیا گیا۔ رجسٹرار کی آفیشل آئی ڈی پر موصول ہونے والی ای میل کے بعد ہائی کورٹ کی عمارت اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی اور تمام طے شدہ سماعتیں ملتوی کر دی گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچے اور پورے احاطے کی مکمل تلاشی لی تاہم ابھی تک کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ کے علاقے میں داخل ہونے یا باہر جانے والے ہر شخص اور گاڑی کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ملازمین اور عوام سے تعاون برقرار رکھنے اور افواہوں کو نظر انداز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایڈووکیٹ شیر سنگھ مہالا کے مطابق دھمکی آمیز ای میل موصول ہوتے ہی سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئیں اور تمام ملازمین کو احتیاط کے طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔ پولیس کی سائبر ٹیم ای میل کے سورس، آئی پی ایڈریس اور پس منظر کی بھی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جمعرات کو بھی اجمیر کی درگاہ شریف اور کلکٹریٹ کے خلاف بم کی دھمکی دی گئی تھی، جو تحقیقات کے بعد جھوٹی ثابت ہوئی تھی۔ اسی طرح، 31 اکتوبر کو، راجستھان ہائی کورٹ (جے پور) کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس کے بعد احاطے کو خالی کرا لیا گیا، حالانکہ اس وقت تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی تھی۔ فی الحال، صورتحال قابو میں بتائی جاتی ہے، لیکن سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ہائی کورٹ کے احاطے میں اضافی پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی