
نئی دہلی، 5 دسمبر (ہ س):۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جمعہ کو کیرالہ میں ریلوے اوور برج (آر او بی) پروجیکٹوں میں اہم تاخیر کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 127 آر او بی پروجیکٹوں میں سے 105 ریاستی حکومت کی سطح پر پھنسے ہوئے ہیں۔
راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اشونی ویشنو نے کہا کہ 63آر او بی ایسے ہیں جہاں ریاستی حکومت نے ابھی تک الائنمنٹ کو حتمی شکل نہیں دی ہے، جس سے تعمیراتی عمل کو آگے بڑھنے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ریاست میں ریلوے کی ترقی کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔
ویشنو نے کہا، جناب، آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ریاستی حکومت کی طرف سے تاخیر کی وجہ سے 127 میں سے 105 آر او بی رکے ہوئے ہیں۔ 63 مقامات پر، الائنمنٹ کو بھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ یہ ریاستی حکومت کے انتہائی کم سطح کے تعاون کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کیرالہ کے لیے ریلوے بجٹ کو 372 کروڑ روپے سے بڑھا کر 3,042 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، جو کہ آٹھ گنا سے زیادہ کا اضافہ ہے۔ اس کے باوجود ریاستی سطح پر کئی اہم منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت ریلوے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے، نئی لائنوں کے لیے ڈی پی آر تیار کرنے اور بڑے پیمانے پر دوبارہ ترقی کا کام شروع کرنے کے لیے پوری طرح پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ میں ریلوے نیٹ ورک کی جامع تعمیر نو کے لیے کئی اہم پروجیکٹوں کے لیے ڈی پی آر تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان میں کاسرگوڈ-کوزی کوڈ-شور نور سیکشن پر تیسری اور چوتھی لائنوں کے لئے ڈی پی آر، شورنور-ارناکولم سیکشن پر تیسری لائن کے لئے ڈی پی آر، شورنور-کوئمبٹور (پلکڑ روٹ) سیکشن پر تیسری اور چوتھی لائن کے لئے ڈی پی آر، ایرناکولم کینکولم (کوٹائم روٹ) سیشن پر تیسری لائن کا ڈی پی آر،کاینکولم ،ترواننت پورم سیکشن پر تیسری لائن کا کام جاری ہے اور ترو اننت پورنم ناگر کوئل سیکشن پر تیسری لائن کا ڈی پی آر شامل ہے۔
کیرالہ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے بی ماتھر نے ایک 19 سالہ طالبہ کے المناک واقعہ کا ذکر کیا، جو 2 نومبر کو کیرالہ کے ورکالا میں ایک چلتی ٹرین سے اس وقت شدید زخمی ہو گئی تھی جب ایک نشے میں دھت مسافر نے اسے چلتی ٹرین سے لات ماری تھی۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ وزارت کے پاس اس واقعہ کی مکمل تفصیلات موجود ہیں، اور یہ پورا واقعہ کوچ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیر نے کہا کہ ریلوے پولیس اور جی آر پی نے واقعہ کے فوراً بعد کارروائی کی۔ ملزم کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ