
بھوپال، 30 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش ان دنوں شدید سردی، گھنے کوہرے اور سرد لہر کی زد میں ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں کم از کم درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 20 ڈگری کے نیچے ہے۔ شہڈول ضلع کے کلیان پور میں پیر کی رات درجہ حرارت 3.8 ڈگری درج کیا گیا، جو ریاست میں سب سے کم رہا۔ پچمڑھی، شاجاپور، رائسین سمیت کئی اضلاع میں اوس کی بوندیں جمنے لگی ہیں۔ شمالی ہندوستان سے آ رہی سرد ہواوں اور گھنے کوہرے کا اثر ٹرانسپورٹ نظام پر بھی پڑا ہے۔ منگل کی صبح بھوپال، اندور اور اجین کی طرف آنے والی کئی ٹرینیں کوہرے کے سبب تاخیر سے پہنچیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اوپری فضا میں سرگرم جیٹ اسٹریم کی رفتار 287 کلومیٹر فی گھنٹے تک پہنچ گئی ہے، جس سے ریاست بھر میں دن رات ٹھٹھڑن بنی ہوئی ہے۔ تیز ٹھنڈ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے 31 دسمبر سے 4 جنوری تک سبھی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ذریعے جاری حکم کے مطابق، یو کے جی سے لے کر 12 ویں جماعت تک کے سبھی سرکاری اور نجی اسکول اس مدت میں بند رہیں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوپال، راج گڑھ، اندور اور شہڈول سمیت کئی اضلاع میں سرد لہر کا اثر درج کیا گیا۔ گوالیار، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھتر پور، پنا، ستنا، ریوا، سیدھی، سنگرولی اور بھوپال سمیت کئی اضلاع میں کوہرا چھایا رہا، جس سے دہلی سے آنے والی ٹرینوں میں 4 سے 5 گھنٹے تک کی تاخیر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 25 سے زیادہ شہروں میں رات کا درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے چلا گیا ہے۔ بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری، اندور میں 6.4 ڈگری، گوالیار میں 9 ڈگری، جبل پور میں 8 ڈگری اور اجین میں 9.5 ڈگری درج کیا گیا۔ کلیان پور کے بعد راج گڑھ 4 ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ دوسرا سب سے ٹھنڈا مقام رہا۔ یہاں درجہ حرارت 4 ڈگری پہنچ گیا۔ چھتر پور کے نوگاوں-امریا میں 5 ڈگری، پچمڑھی میں 5.2 ڈگری، ملاج کھنڈ میں 5.3 ڈگری، منڈلا میں 5.8 ڈگری، کھجوراہو-شیوپوری میں 6 ڈگری، رائسین میں 6.4 ڈگری، دموہ میں 6.8 ڈگری، چھندواڑہ میں 8 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 8.5 ڈگری، دتیا-گنا میں 8.6 ڈگری، بیتول میں 8.7 ڈگری، بیتول، کھرگون، ریوا-رتلام میں 9 ڈگری، ساگر میں 9.4 ڈگری، سیدھی اور ستنا میں 9.7 ڈگری درج کیا گیا۔
دن کے درجہ حرارت میں بھی تیز گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ گوالیار میں ایک ہی دن میں پارہ 7 ڈگری گر کر 15.9 ڈگری پر آ گیا۔ وہیں، نوگاوں میں 19.5 ڈگری، کھجوراہو میں 20.1 ڈگری، ریوا میں 20.2 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 21 ڈگری، ستنا، ملاجکھنڈ-سیدھی میں 21.2 ڈگری، دموہ میں 22.6 ڈگری، نرسنگھ پور میں 23 ڈگری رہا۔ دوسری جانب، جبل پور میں 24.8 ڈگری، بھوپال میں 27.2 ڈگری، اندور میں 28.1 ڈگری، اجین میں 28 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک ٹھنڈ اور کوہرے کا اثر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے عام لوگوں کو محتاط رہنے اور ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن