نئے سال کی آمد پر جموں پولیس نے شہر میں حفاظتی انتظامات سخت کئے
جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں میں نئے سال کی آمد کے پیش نظر امن و امان، عوامی سلامتی اور ٹریفک نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے جموں پولیس نے شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔ 31 دسمبر کی شب جشن کی آڑ میں ہلڑ بازی، تیز رفتاری اور شراب نو
Jk police


جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں میں نئے سال کی آمد کے پیش نظر امن و امان، عوامی سلامتی اور ٹریفک نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے جموں پولیس نے شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔ 31 دسمبر کی شب جشن کی آڑ میں ہلڑ بازی، تیز رفتاری اور شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے اہم چوک چوراہوں، مصروف بازاروں اور حساس علاقوں میں خصوصی ناکے قائم کیے جائیں گے جبکہ اضافی پولیس فورس تعینات رہے گی۔ گاندھی نگر، ریہڑی، کنال روڈ، توی پل، ریلوے اسٹیشن سمیت اہم مقامات پر خصوصی چیکنگ مہم چلائی جائے گی۔ الکو میٹر کے ذریعے موقع پر ہی جانچ کر کے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس بھی دیر رات تک متحرک رہے گی۔ ممکنہ رش اور جام سے نمٹنے کے لیے ٹریفک ڈائیورژن اور پارکنگ کے متبادل انتظامات پہلے سے طے کیے جا چکے ہیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

نئے سال کے موقع پر ہوٹلوں، ریستورانوں، کلبوں اور نجی مقامات پر تقریبات منعقد کرنے والوں کے لیے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ منتظمین کو متعلقہ پولیس تھانے میں پیشگی اطلاع دینا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ حفاظتی انتظامات بروقت یقینی بنائے جا سکیں۔

پولیس نے بغیر اجازت بلند آواز میں موسیقی، سڑکوں پر ناچ گانے اور عوامی مقامات پر شراب نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں قانون کی پاسداری کے ساتھ محفوظ انداز میں نیا سال منانے کی ترغیب دیں۔

دریں اثنا کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ خطرے کے پیش نظر جموں شہر اور ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی کے سخت بندوبست کیے گئے ہیں۔ پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر الرٹ پر رہیں گی۔ حساس مقامات، بھیڑ بھاڑ والے بازاروں، مذہبی مقامات اور عوامی تقاریب کے اطراف اضافی فورس تعینات کی جائے گی، جبکہ ڈرون، سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل پیٹرولنگ کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ شخص یا شے کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کر کے شہر میں امن و سلامتی برقرار رکھی جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande