
علی گڑھ، 29 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی سے فارغ التحصیل ڈاکٹر الماس خان کو پیئر سن ایڈ یکسل، انگلینڈ میں ریاضی کا اسیسمنٹ ایسوسی ایٹ مقرر کیا گیا ہے۔ پیئر سن، برطانیہ کا سب سے بڑا ایوارڈنگ ادارہ ہے جو عالمی معیار کے مطابق تعلیمی اور پیشہ ورانہ اسناد کے لیے دنیا بھر میں معروف ہے اور جس کی تعلیمی خدمات کی روایت 1836 سے چلی آ رہی ہے۔
ڈاکٹر الماس خان اس وقت سینٹ لارنس کالج، انگلینڈ میں ریاضی کی استانی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ریاضی میں پی ایچ ڈی مکمل کی، اور مختصر وقفہ کے لیے ویمنس کالج میں بطور فیکلٹی ممبر بھی خدمات انجام دیں۔ انھوں نے مانچسٹر میٹروپولیٹن یونیورسٹی سے پوسٹ گریجویٹ سرٹیفکیٹ اِن ایجوکیشن (پی جی سی ای) کی تکمیل کی اور یونیورسٹی آف سنڈر لینڈ سے سند یافتہ ٹیچر اسٹیٹس (کیو ٹی ایس) بھی حاصل کیا جو انگلینڈ کے سرکاری شعبے میں تدریس کے لیے لازمی ہے۔
ڈاکٹر الماس خاں کی یہ دستیابی اے ایم یو کے شعبہ ریاضی کی درخشاں روایت کا حصہ ہے، جہاں ایسے ماہرین تیار کیے جاتے ہیں جو عالمی سطح پر شناخت حاصل کر کے یونیورسٹی کے لیے باعث افتخار بنتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ