
پٹنہ،29دسمبر(ہ س)۔امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ چند دنوں قبل ویشالی کے لعل گنج بلاک میں واقع موضع کانٹی نہر پر کے باشندوں کے مکانات کو قرب وجوار کی بستیوں کے کچھ شر پسندوں او رفرقہ پرستوں نے نذر آتش کردیا اور منصوبہ بند طریقہ اور سازش کے تحت گھر کے تمام اثاثوں کو راکھ کے ڈھیر میں بد ل دیا ، ظالموں اور سفاکوں پر مکینوں کے چیخ وپکار اور آہ وبکا کا بھی کوئی اثر نہیںہوا ،کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی سب مذہبی جنون میں ظلم وبے رحمی اور سفاکی ودرندگی کے ساتھ ان غریبوں کے اشیاء خوردنی تک کو خاکستر کر دیا۔آتشزدگی کی خبر جیسے ہی امارت شرعیہ پھلواری شریف پہونچی فوراََامیر شریعت بہار اڈیشہ وجھار کھنڈ مولانا سید احمد ولی فیصل کے مشورہ سے جائے وقوع پر حالات وواقعات کاجائزہ لینے کے لئے امار ت شرعیہ کا وفد پہنچا ، اس کی رپورٹ کی روشنی میں امارت شرعیہ پھلواری شریف کی طرف سے ایک امدادی ٹیم28دسمبر2025 کو موقع واردات پر بھیجی جس میں مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ ،مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ ،عبد الوہاب انصاری ریٹائرد اے ڈی ایم شعبہ اصلاحات اراضی امارت شرعیہ ، عبد الرحمن ریٹائرڈ آئی جی ، محمد ہارون رشید ایڈوکیٹ امارت شرعیہ ،مولانا عبد القدوس مظاہری شعبہ دعوت وتبلیغ امارت شرعیہ شامل تھے، امارت شرعیہ کی طرف سے مصیبت زدہ فیملی کے درمیان تمام ذمہ داروں کی موجودگی میں چیک ،کمبل اور ساڑی تقسیم کی ،جس سے متاثرین نے راحت کی سانس لی ،امارت شرعیہ کے اس عمل کو لوگوں نے سراہا اور حضرت امیر شریعت کا شکریہ ادا کیا۔ مصباح الدین اکرم نقیب امار ت شرعیہ چک صالح، لعل گنج ، امتیاز احمد کانٹی لعل گنج کی نگرانی میں متاثرہ افراد نے باہمی گفت وشنید میں بتایا کہ اب تک حکومت کی طرف سے کسی طرح کی کوئی مدد نہیں ملی ہے اس کیلئے وفد کے ذمہ داروں نے لعل گنج تھانہ کے انسپکٹر وداروغہ سے ملاقات کی پھر بلاک کے سی ای اوسے بات چیت کرکے خانہ برباد لوگ کو حکومت کی جانب سے امداد دئیے جانے پر اور توجہ دلائی اس کیلئے سی ای او نے وعدہ بھی کیا ،ناظم امارت شرعیہ نے مزید کہا کہ اس طرح غریبوں پر بے رحمانہ حملہ سماجی ڈھانچہ پر ایک سیاہ دھبہ ہے اس لئے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے شرپسندوں کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دلوائے ساتھ ہی متاثرین کے مکانات کی تعمیر نو کر وائے تاکہ اجڑے ہوئے لوگ امن وسکون کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan