
دہرادون میں ایک اور غیر قانونی مزار ہٹائی گئی، انتظامیہ کی کارروائی جاری
دہرادون، 28 دسمبر (ہ س)۔
اب تک دھامی حکومت نے سرکاری زمین پر واقع کل 571 مبینہ غیر قانونی مزاروں کو ہٹایا ہے۔ دیر رات اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں انتظامیہ نے شاستری نگر، عجب پور کلاں علاقے میں سڑک کنارے واقع ایک غیر قانونی مزار کو بلڈوزر سے ہٹایا۔ نوٹس کے باوجود دستاویز نہیں ملنے پر یہ کارروائی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ سرکاری زمین پر تجاوزات کر کے بنائے گئے غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ لوگوں سے خود ایسی تعمیرات ہٹانے کی اپیل کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے اس کارروائی سے تقریباً 2 ہفتے قبل متعلقہ مقام پر نوٹس چسپاں کیا گیا تھا، جس میں ڈھانچے کی تعمیر سے جڑے جائز دستاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ مقررہ مدت میں کوئی جواب موصول نہیں ہونے پر یہ کارروائی کی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر سٹی مجسٹریٹ پرتیوش سنگھ اور ایس ڈی ایم ہری گری کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے غیر قانونی مزار کو ہٹایا۔ کارروائی کے دوران ڈھانچے کے نیچے کسی بھی طرح کی باقیات نہیں پائی گئیں۔ ہٹائے گئے ملبے کو موقع سے صاف کر دیا گیا۔
ایس ایس پی اجے سنگھ نے بتایا کہ سیکورٹی کے نقطہ نظر سے کارروائی سے پہلے علاقے کو سیل کر دیا گیا تھا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک چلی اس کارروائی کے دوران کسی طرح کا احتجاج یا ناخوشگوار صورتحال سامنے نہیں آئی۔ انتظامی افسران کے مطابق، ریاستی حکومت کے ذریعے اب تک سرکاری زمین پر واقع کل 571 غیر قانونی مزاروں کو ہٹایا جا چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن