من کی بات میں وزیر اعظم نے سال 2025 کی کامیابیوں اور 2026 کے امکانات پر گفتگو کی
من کی بات میں وزیر اعظم نے سال 2025 کی کامیابیوں اور 2026 کے امکانات پر گفتگو کی نئی دہلی، 28 دسمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے من کی بات پروگرام کے 129 ویں ایپی سوڈ میں اتوار کو وزیر اعظم نے سال 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں مرد کرک
علامتی تصویر


من کی بات میں وزیر اعظم نے سال 2025 کی کامیابیوں اور 2026 کے امکانات پر گفتگو کی

نئی دہلی، 28 دسمبر (ہ س)۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے من کی بات پروگرام کے 129 ویں ایپی سوڈ میں اتوار کو وزیر اعظم نے سال 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں مرد کرکٹ ٹیم کی جیت، پہلی بار خواتین کرکٹ ورلڈ کپ خطاب، خواتین بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ، ایشیا کپ ٹی 20 میں کامیابی، پیرا ایتھلیٹس کے میڈل، سبھانشو شکلا کا آئی ایس ایس تک پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بننا، پریاگ راج مہاکمبھ اور ایودھیا رام مندر پر پرچم کشائی جیسے تمام لمحات کو یاد کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون 2025، آئی آئی ایس سی کے گیتانجلی ثقافتی مرکز اور دبئی کی کنڑ پاٹھ شالے جیسی ترغیبی پہل کا ذکر کرتے ہوئے سال 2026 کے چیلنجز، امکانات اور ترقیاتی اہداف پر بھی بات رکھی۔ یہ سال 2025 میں من کی بات پروگرام کا آخری ایپی سوڈ تھا، جس میں وزیر اعظم نے 2025 کی اہم کامیابیوں، نئے سال 2026 کے چیلنجز، امکانات اور ترقی پر گفتگو کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں سال 2026 دستک دینے والا ہے اور ان کے ذہن میں پورے ایک سال کی یادیں گھوم رہی ہیں۔ سال 2025 نے ہندوستان کو ایسے کئی لمحات دیے، جنہوں نے ملک کو ایک ساتھ جوڑا اور ہر ہندوستانی کو فخر کا احساس کرایا۔ ملک کی سیکورٹی سے لے کر کھیل، سائنس، خلا اور عالمی اسٹیج تک ہندوستان نے اپنی مضبوط چھاپ چھوڑی۔ یہ وقت ان کامیابیوں کو یاد کرنے اور نئے عہد لینے کا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں میں کچھ نیا کرنے کا جنون ہے اور وہ اتنے ہی بیدار بھی ہیں۔ نوجوانوں کی لگن ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی سب سے بڑی طاقت ہے اور 2025 میں کئی ایسے لمحات آئے، جن پر نوجوانوں کو فخر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کھیل کے لحاظ سے تاریخی اور یادگار سال رہا۔ مرد کرکٹ ٹیم نے 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ وہیں، خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ ہندوستان کی بیٹیوں نے خواتین بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔ ایشیا کپ ٹی 20 میں ترنگا شان سے لہرایا۔ پیرا ایتھلیٹس نے ورلڈ چیمپئن شپ میں کئی میڈل جیت کر ملک کا وقار بڑھایا۔ یہ کامیابیاں 2025 کو کھیل کی تاریخ میں خاص مقام دلاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور خلائی شعبے میں ہندوستان نے بڑی چھلانگ لگائی۔ سبھانشو شکلا 2025 میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) تک پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔ یہ کامیابی ہندوستان کی خلائی صلاحیت، تکنیکی مہارت اور سائنسی ترقی کا عالمی ثبوت بنی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 2025 میں عقیدہ، ثقافت اور وراثت کی اجتماعی طاقت بھی دیکھنے کو ملی۔ سال کی شروعات میں پریاگ راج مہاکمبھ کے انعقاد نے پوری دنیا کو حیران کیا، جبکہ سال کے آخر میں ایودھیا میں رام مندر پر پرچم کشائی کے پروگرام نے ہر ہندوستانی کو فخر سے بھر دیا۔ یہ سال ہندوستان کی ثقافتی اتحاد اور روحانی شعور کا بھی سال رہا۔

وزیر اعظم نے اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون 2025 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینے اس کا اختتام ہوا، جس میں 80 سے زیادہ سرکاری محکموں کے 270 سے زیادہ مسائل پر طلبہ نے کام کیا۔ طلبہ نے حقیقی زندگی کے چیلنجز سے جڑے اختراعی حل پیش کیے، جو حکمرانی اور سماج کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔

وزیر اعظم نے ہندوستانی تعلیمی کیمپس میں فروغ پا رہے ثقافتی نشاۃ ثانیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی)، بنگلورو کا گیتانجلی مرکز اب صرف ایک کلاس نہیں، بلکہ پورے کیمپس کا ثقافتی مرکز بن چکا ہے۔ یہاں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی، لوک روایات اور کلاسیکی اصناف کا سنگم دیکھنے کو ملتا ہے، جہاں طلبہ، پروفیسر اور ان کے اہل خانہ ایک ساتھ بیٹھ کر ریاض اور بات چیت سے ثقافتی شعور کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے تارکین وطن ہندوستانی برادری کے ذریعے مادری زبان کے تحفظ کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے دبئی میں رہنے والے کنڑ خاندانوں کی پہل کنڑ پاٹھ شالہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان خاندانوں نے خود سے پوچھا کہ بچے تکنیکی دنیا میں آگے بڑھ رہے ہیں، لیکن کہیں اپنی زبان سے دور تو نہیں ہو رہے۔ اسی سوال سے کنڑ پاٹھ شالے کا جنم ہوا، جہاں بچوں کو کنڑ پڑھنا، لکھنا اور بولنا سکھایا جا رہا ہے۔ یہ کوشش تارکین وطن سماج میں زبان اور ثقافت کے تحفظ کا ترغیبی ماڈل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2025 کی کامیابیاں ہندوستان کی اجتماعی طاقت کا ثبوت ہیں اور 2026 نئے اہداف، عہد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کا سال ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande