
بھوپال، 27 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں کڑاکے کی سردی نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ ریاست کے 31 شہروں میں کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ شمالی ہندوستان سے آ رہی برفیلی ہواوں کے باعث کئی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت بھی 25 ڈگری سے نیچے ہے۔ گھنے کوہرے کا اثر ریل اور سڑک ٹریفک پر صاف نظر آرہا ہے۔ راجدھانی، مالوا اور جہلم سمیت کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، ہمالیائی خطے میں سرگرم ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر ختم ہونے کے بعد شمال کی سمت سے ٹھنڈی ہوائیں ریاست میں داخل ہو رہی ہیں، جس سے سردی اور بڑھ گئی ہے۔ ریاست کا واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں رات کا درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ ٹھنڈ کے سبب اوس کی بوندیں جمنے لگی ہیں۔ آج ہفتہ کی صبح گوالیار، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھتر پور، پنا، ستنا، ریوا، مئوگنج، سیدھی اور سنگرولی سمیت کئی اضلاع میں گھنا کوہرا چھایا رہا۔ ٹھنڈ اور کوہرے کے سبب صبح صبح سڑکوں پر سناٹا پسرا رہا اور لوگ الاو کا سہارا لیتے نظر آئے۔
جھابوا ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے موسم کا مزاج ایک جیسا بنا ہوا ہے۔ یہاں کم از کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بھنڈ میں 3 دن بعد پھر کوہرا چھایا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سیلسیس رہا۔ رائسین میں بھوپال روڈ پر چوپڑا تالاب کے پاس صبح کوہرے کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ شاجاپور کے اکودیا میں گھنے کوہرے اور کڑاکے کی ٹھنڈ نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔ یہاں کم از کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری درج کیا گیا، جو اس سیزن کی سب سے سرد رات رہی۔ نرمدا پورم میں بھی ٹھنڈ کا اثر جاری ہے۔ پچمڑھی میں درجہ حرارت 3 ڈگری تک گر گیا، جبکہ میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہواوں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کر دیا۔
ریاست کے 5 بڑے شہروں میں گوالیار سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری درج ہوا۔ بھوپال میں 7 ڈگری، جبکہ اندور، اجین اور جبل پور میں درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہا۔ مندسور، شہڈول، شاجاپور، ریوا، شیوپوری، کھجوراہو، نوگاوں، دتیا اور امریا سمیت قریب 25 شہروں میں پارہ 10 ڈگری سے نیچے رہا۔
سیہور میں اس سیزن کا سب سے گھنا کوہرا درج کیا گیا، جہاں ویزیبلٹی گھٹ کر 30 میٹر رہ گئی۔ وہیں ڈنڈوری میں کوہرے کے سبب حد نگاہ محض 10 میٹر تک سمٹ گئی ہے، جس سے گاڑیاں دھیمی رفتار سے چل رہی ہیں۔ چھندواڑہ، دموہ اور مرینا میں بھی سرد لہر کا اثر برقرار ہے اور ٹھنڈ سے بچنے کے لیے لوگ الاو اور گرم کپڑوں کا سہارا لے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن