
جموں، 26 دسمبر (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں عوامی سلامتی، سائبر سیکورٹی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، ڈوڈہ کی جانب سے بی این ایس ایس 2023 کی دفعہ 163 کے تحت باقاعدہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق وی پی این سروسز کے غلط استعمال کے ذریعے قانونی سائبر پابندیوں کو نظرانداز کرنے اور غیر قانونی یا ملک مخالف سرگرمیوں کے خدشات کے پیش نظر ضلع ڈوڈہ کی تمام حدود میں وی پی این کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ تاہم وہ وی پی این سروسز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جنہیں حکومت کی جانب سے باضابطہ اجازت حاصل ہو۔
انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی تمام افراد، سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سائبر کیفوں اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں (آئی ایس پیز) پر یکساں طور پر نافذ ہوگی۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈوڈہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر مؤثر اور سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حکم کو عوامی مفاد میں یکطرفہ طور پر نافذ کیا گیا ہے اور عام لوگوں کی جانکاری کے لیے اسے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر مشتہر کیا جا رہا ہے۔
یہ حکم 24 دسمبر دو ماہ کی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گا، جب تک کہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے اسے قبل از وقت واپس نہ لے لیا جائے۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکم کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر